0
Saturday 7 May 2011 00:03

امریکیوں کو پاکستان کی قربانیوں کا کوئی احساس نہیں،امریکا کی دوستی امریکا کی دشمنی سے کہیں زیادہ نقصان دہ ہے، تحریک انصاف

امریکیوں کو پاکستان کی قربانیوں کا کوئی احساس نہیں،امریکا کی دوستی امریکا کی دشمنی سے کہیں زیادہ نقصان دہ ہے، تحریک انصاف
لاہور:اسلام ٹائمز۔پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر احسن رشید، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شاہد صدیق خان نے کہا ہے کہ دنیا میں جتنی بدنامی اس وقت پاکستان کے حصے میں آئی ہے اس سب کی ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کا بل سینٹ میں پیش کر دیا ہے جس سے ثابت ہو چکا ہے کہ امریکیوں کو پاکستان کی قربانیوں کا کوئی احساس نہیں ہے۔ نام نہاد دہشتگردی کی اس جنگ نے پورے ملک میں غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور بدامنی کا طوفان برپا کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب آفس سے جاری ہونیوالے مشترکہ بیان میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں نے کہا کہ آج پاکستان عالمی برادری میں مکمل طور پر تنہا ہو چکا ہے۔ پاکستان کی سالمیت اسی میں ہے کہ موجودہ حکمران فوری طور پر مستعفی ہو جائیں تاکہ محب وطن لوگوں کو پاکستان کی بقاء کیلئے عملی خدمات سرانجام دینے کا موقع مل سکے۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔ عوام نے ووٹ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کا بدلہ لینے کیلئے دیئے تھے۔ غربت کے خاتمے کیلئے موجودہ حکمرانوں کو چنا گیا تھا۔ آج عوام بھی اپنے کیئے پر نادم ہیں۔ امریکا نے پاکستان کو نام نہاد دہشتگردی کی جنگ کے بدلے میں صرف 7.5 ارب ڈالر دیئے ہیں جبکہ پاکستان کی معیشت کو 100 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ جس سے ثابت ہو چکا ہے کہ بقیہ 92.5 ارب ڈالر پاکستان نے امریکا کو اس جنگ میں دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی دوستی امریکا کی دشمنی سے کہیں زیادہ نقصان دہ ہے۔ موجودہ حکمران صرف اپنے دور اقتدار کو طول اور دوام بخشنے کیلئے امریکی غلامی کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر امریکا سے فیصلہ کن مذاکرات کرے گی جس میں غریب عوام کی آواز شامل ہو گی۔ کوئی بھی پالیسی یا فیصلہ ملک و قوم کے مفاد کے منافی نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 70203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش