0
Monday 5 Feb 2018 19:10
کشمیریوں کے جسموں پر لگنے والی گولیاں ہمارے دلوں پر لگتی ہیں

گولیوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے کشمیریوں کے جذبے کو کم نہیں کیا جا سکا، خواجہ سعد رفیق

گولیوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے کشمیریوں کے جذبے کو کم نہیں کیا جا سکا، خواجہ سعد رفیق
اسلام ٹائمز۔ لاہور سمیت پاکستان بھر میں اور دنیا میں جہاں جہاں کشمیری اور پاکستانی آباد ہیں یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ لاہور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور کی معروف مال روڈ پر الحمراء ہال سے فیصل چوک تک حکمران جماعت کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سینیئر لیگی رہنماؤں اور وزراء نے کی۔ ریلی میں وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک، شائشتہ پرویز ملک، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب میاں احمد حسان، ایم پی اے ماجد ظہور، غزالی سلیم بٹ، سید توصیف شاہ سمیت دیگر رہنماؤں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کشمیر کو بھارت قیامت تک فتح نہیں کر سکتا، خطے میں امن قائم کرنا ہے تو کشمیریوں کو آزادی دینا پڑے گی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہے بھارت کشمیر خالی کر دے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج پوری دنیا کشمیریوں کیساتھ اظہارِیکجہتی کر رہی ہے، آج کا دن ایک دوسرے کیخلاف بات کرنے کا نہیں، سیاسی جماعتیں پیغام دیں کہ ہم کشمیریوں کیساتھ ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، گولیوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے کشمیریوں کے جذبے کو کم نہیں کیا جا سکا، بلکہ ہر آنیوالے دن کیساتھ کشمیریوں کا جذبہ بڑھتا جا رہا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ہماری اخلاقی ذمے داری ہے، ڈوگرا راج سے بھارتی مظالم تک کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کم نہیں کیا جا سکا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک برہان وانی شہید ہوا کئی برہان وانی پیدا ہوئے۔ خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، کشمیر کو آزاد کئے بغیر بھارت کے پاس کوئی چارہ نہیں اور ان شاء اللہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہی کشمیر آزاد ہو گا۔

ایم این اے شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری ماؤں کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے اپنے جوان بیٹے کشمیر کی آزادی کیلئے قربان کر دیئے، آج پاکستان بھر کی خواتین کشمیری بہنوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر جنت ہے جو کبھی کافر کو نہیں مل سکتی، آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کو آزاد کروا کر ہی دم لیں گے۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں، بھارت جان لے کہ وہ اپنے مظالم سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جسموں پر لگنے والی گولیاں ہمارے دلوں پر لگتی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب بھارت سے ایک ایک گولی کا حساب لیں گے۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو کشمیر کی آزادی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہمارے مطالبہ ہے کہ کشمیریوں کو حق رائے دہی دیا جائے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ 
خبر کا کوڈ : 702397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش