QR CodeQR Code

پاکستان کی خود مختاری کو روندا گیا، ایبٹ آباد آپریشن پر صدر اور وزیرِاعظم استعفٰی دیں، شاہ محمود قریشی

7 May 2011 16:27

اسلام ٹائمز:لاہور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن پر قوم حقائق جاننا چاہتی ہے، اس معاملے پر پاکستان کی خود مختاری کو روندا گیا ہے اور حکمران خاموش ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ کرسی بچانے کا نہیں ملک بچانے کا وقت ہے


لاہور:اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے استعفٰی کے بعد پہلی مرتبہ پارٹی قیادت سے استعفٰی کا مطالبہ کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن پر صدر اور وزیر اعظم کو استعفٰی دے دینا چاہیے۔ لاہور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن پر قوم حقائق جاننا چاہتی ہے، اس معاملے پر پاکستان کی خود مختاری کو روندا گیا ہے اور حکمران خاموش ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ کرسی بچانے کا نہیں ملک بچانے کا وقت ہے، قوم کا مورال گر گیا ہے، بہت سنگین واقعہ رونما ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے پاس امریکی اخبار میں مضمون لکھنے کا وقت تھا تو انہیں قوم سے بھی خطاب کرنا چاہیئے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم پر قیامت ٹوٹ رہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک پر قیامت ٹوٹ رہی ہے اور حکومت وزارتیں بانٹنے میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری پر وار ہو چکا ہے، ہم خاموش کیوں ہیں، صدر وزیراعظم خطاب کر کے قوم کو اعتماد میں لیں۔ شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ سات دن میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے، جس میں وہ صدر وزیراعظم سے استعفوں کا مطالبہ کرینگے اور اگر اجلاس نہ بلایا گیا تو وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن پاکستان پر امریکی حملہ ہے، وزیراعظم کو کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس بلانا چاہئے تھا۔ اسامہ آپریشن کی تحقیقات مکمل کر کے عوام تک پہنچائی جائیں۔ ہمیں دہشت گردی کے علم برداروں سے ہمدری تھی نہ ہے۔ انہوں نے کہا میری آواز کمزور سہی، لیکن میں آواز ضرور اٹھاؤنگا۔


خبر کا کوڈ: 70315

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/70315/پاکستان-کی-خود-مختاری-کو-روندا-گیا-ایبٹ-آباد-آپریشن-پر-صدر-اور-وزیر-اعظم-استعف-ی-دیں-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org