0
Thursday 8 Feb 2018 19:58

فاٹا میں 3 بلین روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

فاٹا میں 3 بلین روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفر جھگڑا نے فاٹا میں تعلیم، مواصلات، آبنوشی اور دیگر شعبوں میں تقریباً 3 بلین روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبے مختص شدہ بجٹ میں اور مقررہ وقت کے اندر اندر مکمل کئے جائیں۔ وہ بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں فاٹا ڈویلپمنٹ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سکندر قیوم، سیکرٹری سوشل سیکٹر ڈیپارٹمنٹ فاٹا، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فاٹا محمد زبیر اصغر قریشی، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر منیراعظم اور فاٹا سیکرٹریٹ کے دیگر انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں قبائلی علاقہ جات میں مختلف منصوبوں سے متعلق گورنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں تعلیم کے مد میں گورنر خیبرپختونخوا کی اعلان شدہ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت 1302.977 ملین روپے کی منظوری دی جس کے تحت تمام سرکاری سکولوں کے پہلی جماعت سے لیکر بارھویں جماعت تک کے طلباء کو مفت درسی کتب، قبائلی طلباء کو مفت تعلیم کی فراہمی اور کیڈٹ کالج وانا کی تعمیر شامل ہیں۔

اس موقع پر گورنر نے سیکرٹری تعلیم فاٹا کو خصوصی طور پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتربنانے، تعلیمی نتائج میں مزید بہتری لانے اور تعلیمی پالیسی میں فاٹا کے انضمام کی روشنی میں مناسب اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ فاٹا میں سڑکوں اورپلوں کی تعمیر، مواصلات کی تعمیرنو، بحالی اوربہتری کیلئے 981.064 ملین روپے کی منظوری دی گئی جبکہ آبنوشی اور دیگر واٹرسپلائی سکیم کیلئے 311.110 ملین روپے اور فاٹا میں سیاحت کے فروغ کیلئے فاٹا میں 8 منتخب کردہ مقامات کیلئے 397.699 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار اورفنڈز کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پرمتعلقہ حکام کو یہ ہدایت بھی کی کہ تمام منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق انہیں ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ پیش کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 703273
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش