0
Friday 9 Feb 2018 16:21

کراچی، گرین لائن بس منصوبہ کیلئے نمائش پر انڈر پاس کے ڈیزائن کی منظوری

کراچی، گرین لائن بس منصوبہ کیلئے نمائش پر انڈر پاس کے ڈیزائن کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) گرین لائن بس کے نمائش پر انڈر پاس کے ڈیزائن کی منظوری دیدی جو مسافروں کے لئے سینٹرل پوائنٹ ہوگا۔ یہ منظوری انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، پرنسپل سیکریٹری برائے گورنر اور گرین لائن پروجیکٹ کے پی ڈی صالح فاروقی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعید اعوان، ڈائریکٹر گرین لائن زبیر چنا اور پروجیکٹ کے کنسلٹنٹ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے صالح فاروقی نے کہا کہ ڈیزائن کے تحت نمائش انڈر پاس پر مکمل میز نائن فلور ریٹیل ایریا کے لئے ہے، جیسا کہ نمائش بی آر ٹی مسافروں کے لئے ایک سینٹرل مقام بننے جارہا ہے اور اس بات کی توقع ہے کہ یہ علاقہ بی آر ٹی پروجیکٹ کے لئے ایک نمایاں کردار ادا کرے گا اور اپنی آمدنی کے لئے خود کفیل ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پروجیکٹ کی لانچنگ کے بعد فروخت کے لئے تیار کئے گئے اس علاقے یا شاپنگ ایریا کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ترقی دی جاسکتی ہے، منصوبے کی تکمیل کی مدت اور بسوں کو شروع کرنا بہت زیادہ اہم ہے کیونکہ اس کے لئے کراچی کے لوگ انتظار کررہے ہیں اور انہوں نے نمائش پر انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے صالح فاروقی کو ہدایت کی کہ وہ 15 فروری تک ٹینڈر طلب کریں تاکہ بر وقت کام تفویض کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس منصوبے پر اپریل میں کام شروع ہو لہٰذا اسی حساب سے چیزیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے پی ڈی گرین لائن کو ہدایت کی کہ وہ بی آر ٹی گرین لائن انفرا اسٹرکچر کی تکمیل کی تاریخ بتائیں تاکہ سندھ ماس ٹرانزٹ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) اس کے مطابق نوٹس کی تیاری کرسکے۔ گرین لائن پروجیکٹ کے ڈائریکٹر زبیر چنا نے ایک اور مسئلہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن پر بس ڈپو قائم کرنا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری قانون افتخار شلوانی کو فوری طور پر زمین کے کاغذات میں ضروری ترمیم کرنے کی ہدایت کی تاکہ 3.5 ایکڑ زمین بس ڈپو کے لئے تیار کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 15 دن کے اندر لازمی ہوجانا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نمائش سے ٹاور بی آر ٹی سسٹم کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی، اس کا روٹ بھی اپ گریڈ ہوگا اور یہ تمام لائنز کے لئے یکساں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 703445
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش