0
Saturday 10 Feb 2018 16:52

متحدہ مجلس عمل میں جانے کو گناہ سمجھتا ہوں، اسلام کے نام پر ہم قوم کو دوبارہ دھوکہ نہیں دے سکتے، مولانا سمیع الحق

متحدہ مجلس عمل میں جانے کو گناہ سمجھتا ہوں، اسلام کے نام پر ہم قوم کو دوبارہ دھوکہ نہیں دے سکتے، مولانا سمیع الحق
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ وہ متحدہ مجلس عمل میں واپسی کو گناہ سمجھتے ہیں اور اسلام کے نام پر قوم کو دوبارہ دھوکہ نہیں دے سکتے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی 1985ء سے 2008ء تک سینٹر رہے ہیں، چاروں الیکشن میں اللہ نے سرخرو کیا اور اللہ نے چاہا تو اس مرتبہ بھی سینیٹ کا رکن بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال سینیٹ میں جنرل اور ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے 4 جماعتوں کا متفقہ امیدوار ہوں کیونکہ میرے تجویز اور تائید کندگان 4 مختلف جماعتوں سے ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے سال 17-2016ء کے بجٹ میں مولانا سمیع الحق کے مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے تھے، جس کے بعد سے دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے کافی قریب ہیں۔

مولانا سمیع الحق تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی الحاق کا بھی اعلان کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہر بار جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر لوگوں نے ووٹ دیئے اور وہ اب بھی تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ وہ تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوئے بلکہ اس کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ دینی جماعتوں کے سیاسی اتحاد ایم ایم اے سے متعلق سوال پر مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے میں جانے کے بجائے گھر میں بیٹھنا بہتر سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ مجلس عمل میں جانے کو گناہ سمجھتے ہیں کیونکہ اسلام کے نام پر ہم قوم کو دوبارہ دھوکہ نہیں دے سکتے۔ یاد رہے کہ مولانا سمیع الحق کو تحریک انصاف نے سینیٹ کیلئے ٹکٹ دینے کا اعلان کیا تھا لیکن پارٹی میں شدید اختلاف کے بعد ان کا نام خارج کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 703720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش