0
Sunday 21 Jun 2009 14:55

17 دہشتگرد گرفتار، لاہور میں 2 خودکش حملہ آور داخل ہو گئے: حساس ادارے

17 دہشتگرد گرفتار، لاہور میں 2 خودکش حملہ آور داخل ہو گئے: حساس ادارے
لاہور : حساس اداروں نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے 17 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، صوبائی درالحکومت میں سِول سروسز اکیڈمی، نیپا سنٹر اور داتا دربار پر کسی بھی وقت خودکش بمبار حملہ کر سکتے ہیں،اس مقصد کیلئے دو خودکش بمباروں سمیت متعدد دہشت گرد صوبائی درالحکومت میں داخل بھی ہو چکے ہیں۔ یہ انکشاف حساس اداروں کی جانب سے لاہور پولیس اور انتظامیہ کو بھجوائے جانے والے مراسلوں میں کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ حساس اداروں کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ دہشت گردوں نے سٹاف کالج نیپا، سول سروسز اکیڈیمی اور داتا دربار سمیت لاہور میں واقع دیگر درباروں کو اپنا اگلا ہدف مقرر کر لیا ہے اور ان مقامات پر کسی بھی وقت حملے ہو سکتے ہیں حساس اداروں نے ڈی سی او لاہور اور ایس ایس پی آپریشنز کو اطلاع کر دی ہے کہ دونوں مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں اور یہاں ٹرینڈ پولیس افسروں کو تعینات کیا جائے جبکہ داتا دربار پر حملہ کرنے والے بمباروں کے بارے میں حساس ادارے نے پولیس کو خبردار کیا ہے کہ 18 سالہ دہشت گرد زبیر جسکا قد 5 فٹ 7 انچ اور اس کا ساتھی عنایت اللہ جسکا قد 5 فٹ 6 انچ ہے داتا دربار پر حملہ کرنے کے لئے لاہور میں داخل ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں حساس اداروں نے صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف اضلاع سے دہشت گردوں کو پناہ دینے اور حملوں میں تعاون کرنے پر جنوبی وزیرستان کے نیٹ ورک کو توڑتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 17 مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے رحیم یار خان سے قاری بارک اللہ، محمد خالد، سیف اللہ اور مولوی جان محمد کو حراست میں لیا، قاری بارک اللہ کے قبضے سے ڈھیروں موبائل سمز برآمد ہوئیں جس پر بعدازاں اس کے باقی تینوں ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا تھا،ان کی نشاندہی پر پولیس نے مانگا منڈی کے علاقے موہلنوال میں چھاپہ مار کر حافظ عبدالمالک اور عبدالرحمن کو حراست میں لیا۔ ساہیوال سے محمد اسلام اور محمد رشید، بھکر سے مرتضی سیال، اسماعیل اور ذاکر اللہ اور بہاولپور سے محمد زکریا، ہارون رشید، عبدالوہاب اور قاری ابراہیم وغیر ہ کو حراست میں لیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد جنوبی وزیرستان سے پنجاب آنے والے دہشت گردوں کو پناہ دیتے تھے اور حملے کی جگہ کے بارے میں پولیس اور حساس اداروں کی نقل و حرکت کے بارے میں بھی آگاہ کرتے تھے ان سے جدید اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں ایک خودکش حملہ آور کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹ برآمد کر لی گئی۔ وقت نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب بھر میں وزیرستان کے عسکریت پسندوں کا زور توڑ دیا گیا ہے۔ سرگودھا سے نمائندگان کے مطابق مبینہ خودکش کار سوار کے داخل ہونے کی اطلاع پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔

خبر کا کوڈ : 7044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش