0
Sunday 8 May 2011 08:12

فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والے دین اسلام اور انسانیت کے ہمدرد نہیں ہیں، عوام ایسے عناصر کی سازش سے ہوشیار رہیں، ایم کیو ایم

فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والے دین اسلام اور انسانیت کے ہمدرد نہیں ہیں، عوام ایسے عناصر کی سازش سے ہوشیار رہیں، ایم کیو ایم
کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان باالخصوص کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر پرامن عوام کو آپس میں دست و گریباں کرنے والے عناصر کراچی کے امن اور عوام کے کھلے دشمن ہیں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء قائم ہے، لیکن بعض عناصر کو مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام کے درمیان اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کی فضاء ایک آنکھ نہیں بھا رہی ہے اور وہ کراچی کا امن تباہ کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر سادہ لوح اور پرامن عوام کے مذہبی جذبات کو بھڑکا کر شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کر رہے ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جو عناصر اپنے مذموم اور گھناؤنے عزائم کی تکمیل کیلئے عوام کو فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے اور کراچی کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں وہ دین اسلام اور انسانیت کے ہمدرد نہیں ہو سکتے۔ رابطہ کمیٹی نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش سے ہوشیار رہیں، سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی اشتعال انگیزی پر ہرگز مشتعل نہ ہوں بلکہ پرامن رہ کر شہر کا امن و سکون غارت کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیں۔ رابطہ کمیٹی نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات اور مجالس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور اتحاد کا درس دیں اور فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 70444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش