QR CodeQR Code

حکمران آئین سے اسلامی دفعات نکال کر صیہونی لابی کو خوش کرنا چاہتے ہیں، سراج الحق

13 Feb 2018 23:12

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو عالمی ایجنڈے کی تکمیل کا خیال دل سے نکال کر اپنے جرم کا اقرار کرنا اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا، ختم نبوت (ص) کا معاملہ اتنا حساس ہے کہ اگر حکمرانوں نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی اور مجرموں کو بچانے اور انکی سرپرستی میں لگے رہے تو انکو چھپنے کیلئے کوئی ٹھکانہ نہیں ملے گا، حکمران اپنے ہاتھوں ذلت و رسوائی کی قبر کھود رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتوں کے حکم اور عوام و سیاسی جماعتوں کے بار بار تقاضے کے باوجود حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ پیش نہ کرکے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت عوام سے کچھ چھپا رہی ہے، جس کا مطلب ہے کہ حکمرانوں نے جان بوجھ کر ختم نبوت کی آئینی دفعات اور حلف کو بدلنے کی جسارت کی، حکمران آئین سے اسلامی دفعات نکال کر صیہونی لابی کو خوش کرنا چاہتے ہیں، ملک کا اسلامی تشخص ختم کرنے اور حضرت محمد (ص) کی ختم نبوت کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جب تک حکومت راجہ ظفر الحق کی رپورٹ سامنے نہیں لائے گی، عوام کے اندر حکمرانوں کیخلاف نفرت اور بے چینی بڑھتی رہے گی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران لوگوں کے ایمان اور عقیدے سے کھیل کر اپنی دنیا و آخرت تباہ کر رہے ہیں اور ذلت و گمراہی کی تمام حدیں پھلانگ گئے ہیں، عوام حضور (ص) کی ختم نبوت کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنا اپنے لئے سعادت اور بخشش کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عالمی ایجنڈے کی تکمیل کا خیال دل سے نکال کر اپنے جرم کا اقرار کرنا اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ ختم نبوت (ص) کا معاملہ اتنا حساس ہے کہ اگر حکمرانوں نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی اور مجرموں کو بچانے اور ان کی سرپرستی میں لگے رہے تو ان کو چھپنے کیلئے کوئی ٹھکانہ نہیں ملے گا، حکمران اپنے ہاتھوں ذلت و رسوائی کی قبر کھود رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عادت بن گئی ہے کہ جب تک لوگ ہزاروں کی تعداد میں نکل کر سڑکوں پر نہ بیٹھ جائیں، کوئی مقدمہ درج ہوتا ہے نہ مجرموں کو پکڑا جاتا ہے۔ سراج الحق نے کراچی کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے، کراچی کے شہری زخم خوردہ ہیں، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، جماعت اسلامی نے پہلے بھی کراچی کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کیا اور آئندہ بھی ان کے زخموں پر مرہم رکھے گی۔


خبر کا کوڈ: 704652

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/704652/حکمران-آئین-سے-اسلامی-دفعات-نکال-کر-صیہونی-لابی-کو-خوش-کرنا-چاہتے-ہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org