QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے، بھارتی میڈیا منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے، عسکری ترجمان

17 Feb 2018 11:25

صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جی بی، کشمیر اور ہزارہ سمیت دور دراز کے علاقوں میں صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مسائل ختم ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ آئی ایس پی آر کے ڈائیریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سے گلگت بلتستان، ہزارہ اور آزاد کشمیر کے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی امور، میڈیا کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جی بی اور آزاد کشمیر کی حیثیت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ ہمارا ازلی دشمن بھارت مختلف ایشوز کو میڈیا وار کے ذریعے غلط رنگ دیکر منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارت انسانی اور عالمی قواتین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جس سے نمٹنے کیلئے ہم نے اپنے میڈیا کے ذریعے کاونٹر اسٹریٹیجی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر و ہزارہ میں آئی ایس پی آر اپنی شاخیں مضبوط اور مربوط کرے گا اور تمام پریس کلبوں کے ساتھ تعاون کیا جائیگا۔ میجر جنرل نے کہا کہ دہشتگردی اور دشمن کے منفی پروپیگنڈوں سے مقابلے کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جی بی، کشمیر اور ہزارہ سمیت دور دراز کے علاقوں میں صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مسائل ختم ہوں۔ وفد میں شامل صحافیوں نے میڈیا کو درپیش چیلنجز اور مسائل سے ڈی جی آئی ایس پی آر کو آگاہ کیا۔ وفد میں جی بی سے راجہ کاشف حسین مقپون، نثار عباس، اقبال عاصی، محمد حسین آزاد، عبدالرحمان بخاری، قاسم بٹ، راجہ عادل غیاث، شہاب الدین غوری، ایمان شاہ، فیض اللہ فراق سمیت آزاد کشمیر اور ہزارہ کے صحافی بھی شامل تھے۔ صحافیوں نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 705350

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/705350/گلگت-بلتستان-کی-اہمیت-پہلے-سے-بڑھ-گئی-ہے-بھارتی-میڈیا-منفی-پروپیگنڈہ-کر-رہا-عسکری-ترجمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org