0
Sunday 18 Feb 2018 10:37

بلوچستان میں پولیس کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کیا ہے، میر عبدالقدوس بزنجو

بلوچستان میں پولیس کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کیا ہے، میر عبدالقدوس بزنجو
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار قیام امن کے لئے پولیس کو بااختیار بناتے ہوئے ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کیا ہے۔ بلوچستان پولیس کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور فورسز پر حملے لمحہ فکریہ ہیں۔ تاہم باعث اطمینان امر یہ ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز جوانمردی سے حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں اور جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں ساتویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے حسب ضرورت اسلحہ، گاڑیاں، ضروری ساز وسامان فراہم کیا جائے گا۔ بلوچستان پولیس کی ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا۔ صوبے میں قیام امن کی جدوجہد میں پولیس کو ریاست کی طاقت اور اللہ کی نصرت حاصل ہے۔ ہمیں دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینی ہے۔ دہشت گردی سے بہتر طور پر نبرد آزما ہونے کے لئے پیشہ ورانہ تربیت نہایت ضروری ہے۔ اس لئے پولیس کا ہر جوان پیشہ ورانہ تربیت کے لئے خود کو رضا کارانہ طور پر پیش کرے۔ اچھا افسر بننے کے لئے اچھی تربیت لازمی ہے اور پیشہ ورانہ تربیت کے بغیر دہشت گردی سے نبرد آزما ہونا ایک مشکل کام ہے۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے اے ٹی ایف کی پیشہ ور تربیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمانڈنٹ اے ٹی ایف ٹریننگ سینٹر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بہبود اور فورس کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس اہلکاروں کی اپ گریڈیشن اسی سلسلے کی کڑی ہے، تاکہ پولیس اہلکار معاشی پریشانیوں سے مبرا ہو کر اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی یکسوئی سے کر سکیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے یقین دلایا کہ اے ٹی ایف ٹریننگ سینٹر کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 705631
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش