0
Sunday 18 Feb 2018 12:43

پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی کا معاملہ، جمعیت کے13 اور پشتون کونسل کے4 طلبا کو نکال دیا گیا

پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی کا معاملہ، جمعیت کے13 اور پشتون کونسل کے4 طلبا کو نکال دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب یونیورسٹی نے 17 طلباء کو یونیورسٹی سے نکال دیا، 22 جنوری کو ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث جمعیت کے 13 اور پشتون کونسل کے 4 طلباء کو نکال دیا گیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے 22 جنوری کےہنگامے میں ملوث پہلے مرحلے میں طلباء کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ یونیورسٹی ڈسلپنری کمیٹی نے جمعیت کے 13 اور پشتون، بلوچ تنظیموں کے 4 طلباء کے نام خارج کرکے یونیورسٹی سے نکال دیا۔ ڈسپلنری کمیٹی نے پشتون، بلوچ تنظیموں کے 6 طلباء کو ایک سال کیلئے یونیورسٹی سے نکالنے کی سزا سنا دی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے شواہد کی بنیاد پر کارروائی کا دوسرا مرحلہ شروع کرتے ہوئے مزید 30 طلباء کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دئیے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کی ہدایت پر ڈسپلنری کمیٹی نے طلباء کو یونیورسٹی سے نکالنے کی سفارش کی تھی۔ اسلامی جمعیت طلباء کے نکالے جانیوالے 13 کارکنوں میں اسامہ اعجاز، منیب فاروق، راحت علی، سکندر کاکڑ، محمد انیب افضل، احمد ذکریا، عبدالبصیر، اسامہ بن شفاعت، ہدایت اللہ، سمیع اللہ خان، ذیشان اشرف، میاں ارسلان اور عارف الرحمن شامل ہیں۔ پشتون،بلوچ تنظیموں کے نکالے جانیوالے 4 کارکنوں میں اسفند یار، عالمگیر خان، نعیم وزیر اور پائیدین خان شامل ہیں۔ پشتون بلوچ تنظیموں کے ایک سال کیلئے نکالے جانیوالے 6 طلباء میں معظم علی شاہ، مقبول لہری، سلمان وزیر، سلمان احمد، وارث خان اور اشرف خان شامل ہیں۔ ڈسپلنری کمیٹی نے پانچ دیگر طلباء کو 10 ہزار روپے جرمانے اور 3 ماہ کیلئے زیر نگرانی رہنے کی سزا سنا دی۔ ڈسپلنری کمیٹی نے نکالے جانیوالے طلباء کے یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ متاثرہ طلباء انکوائری کے فیصلے کیخلاف 15 روز میں وائس چانسلر کو اپیل دائر کر سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کچھ طلباء نے انضباطی کارروائی سے بچنے کیلئے جعلی دستاویز جمع کرائیں تاہم ڈسپلنری کمیٹی نے متعلقہ طلباء کو ہنگامے میں ملوث ہونے کے ثبوت دکھا کر کارروائی کی۔ انکوائری کے پہلے مرحلے میں 34 میں سے 3 طلباء کو بری کر دیا گیا۔ ڈسپلنری کمیٹی کے فیصلے کیخلاف کسی بھی غیر قانونی ردعمل پر سخت کارروائی کرنے کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
خبر کا کوڈ : 705683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش