0
Sunday 8 May 2011 21:30

رائے عامہ کو گمراہ کرنے پر پاکستان میں غیرملکی ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کر دیئے گئے

رائے عامہ کو گمراہ کرنے پر پاکستان میں غیرملکی ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کر دیئے گئے
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ایبٹ آباد میں غیرقانونی طور پر اپ لنکنگ کی سہولت استعمال کرنے والے کئی غیرملکی ٹی وی چینلز کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ پیمرا کے ترجمان کے مطابق اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی آپریشن کے بعد سے کئی غیر ملکی چینلز ایبٹ آباد سے غیرقانونی طور پر اپ لنکنگ کی سہولت استعمال کر رہے ہیں جنہیں نوٹسز جاری کر دیئے گئے، جن نیوز چینلز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں سی این این، بی بی سی نیوز ، فاکس نیوز، الجزیرہ ٹی وی، وائس آف امریکا، اسکائی نیوز، آئی بی این، این بی سی اور سی این ایس شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ چینلز اسامہ بن لادن کے حوالے سے غیر جانبدارانہ خبریں نشر نہیں کر رہے تھے بلکہ ان کی خبروں اور تبصروں میں پاکستان کے خلاف بے بنیاد تنقید کی جا رہی تھی۔ پیمرا کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ”اسلام ٹائمز“ کو بتایا کہ یہ چینلز امریکہ کے مفادات کے لئے کام کر رہے ہیں اور ان کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہو رہا تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحافت آزاد ہے، لیکن اس آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ حقائق کو مسخ کر کے عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کسی بھی ملکی یا غیرملکی چینل کو اس بات کی اجازت نہیں دے سکتی کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور وقار کے خلاف کھیلیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہت جلد مقامی چینلز کے خلاف بھی ایک پالیسی منظر عام پر آنے والی ہے جس کے تحت ان کو بھی ملکی وقار اور سالمیت کے حوالے سے پابند بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایک میڈیا گروپ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اس گروپ نے بھی پاکستانیت کے خلاف ایک محاذ کھول رکھا ہے لیکن کب تک؟ بہت جلد اس گروپ کو بھی قوانین پر عمل کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں کسی کو اتنا کھلا نہیں چھوڑنا چاہیے کہ وہ حقائق ہی مسخ کرنا شروع کر دیں اور اپنے مفروضوں سے عوام کو گمراہ کریں۔ اگر چینلز نے غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی تو انہیں حکومت ہر قسم کا تعاون دے گی۔
خبر کا کوڈ : 70605
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش