0
Wednesday 21 Feb 2018 19:25

امریکہ میں پاکستان کیخلاف سازشیں تیار ہو رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری

امریکہ میں پاکستان کیخلاف سازشیں تیار ہو رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج لاہور میں عاصمہ جہانگیر کے اہلخانہ سے ان کی وفات پر اظہار تعزیت کی۔ بلاول بھٹو زرداری گلبرگ میں عاصمہ جہانگیر کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی بیٹیوں سے عاصمہ جہانگیر کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ بعدازاں بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ جہانگیر ایک نڈر اور بے باک خاتون تھیں جو انصاف کی حکمرانی والا پاکستان چاہتی تھیں، انہوں نے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر چاہتی تھیں کہ انصاف بروقت اور ہر شہری کو میسر ہو، وہ برداشت اور رواداری والا پاکستان چاہتی تھیں اور  پیپلز پارٹی کا پاکستان بھی ایسا ہی ہوگا جس میں ہر شہری کو بروقت انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جماعت نے ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا رکھا ہے، میں ابھی امریکہ سے لوٹا ہوں، امریکہ میں پاکستان کیخلاف سازشیں تیار ہو رہی ہیں جبکہ ہم اگر لاہور اور پنجاب کو دیکھیں تو یہاں امیر المومنین نواز شریف دکھائی دیتا ہے، یہاں طالبان ہمارے بچھڑے ہوئے بھائی ہیں کی سوچ نظر آتی ہے، دوسری طرف دیکھیں تو چاچا عمران طالبان خان بنے دکھائی دیتے ہین۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدت پسندی کو فروغ دیا گیا، جب اقتدار کو خطرہ ہوا تو شور مچانا شروع کر دیا کہ جمہوریت خطرے میں ہے، یہ کس منہ سے جمہوریت کی بات کرتے ہیں، نواز شریف اپنے دور میں صرف 2 بار پارلیمنٹ میں گئے ہیں، جب نااہل ہوئے تو جمہوریت یاد آگئی، کیا جمہوریت یہی ہے کہ آپ پارلیمنٹ میں قدم بھی نہ رکھیں، آپ پارلیمنٹ کو اہمیت بھی نہ دیں؟ چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ میں تحقیقات کر رہا ہوں کہ لودھراں میں پی پی کیوں ہاری ہے، جبکہ آئندہ الیکشن میں ہم بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت وہ نہیں جس کا نواز شریف شور مچا رہا ہے بلکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو نے جس کاز کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں وہی حقیقی جمہوریت ہے اور اس کیلئے ہم قطعاً سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 706573
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش