QR CodeQR Code

پنجاب حکومت دینی مدارس کیساتھ معاندانہ رویہ ترک کرے، سینیٹر عطاء الرحمن

21 Feb 2018 20:26

ملتان میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ٖف) کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت ہر محاذ پر اپنے لئے مشکل پیدا کر رہی ہے، ختم نبوت مسئلہ کو ایک بار پھر الجھانے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت اپنی اس طرح کی حرکتوں سے باز آجائے۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب دینی مدارس کے ساتھ معاندانہ رویہ ترک کرے، دینی طلبائے کرام کو ایجوکیٹر بھرتی نہ کرنا دین دشمنی کا مسلم ثبوت ہے، مدارس رجسٹریشن میں رکاوٹوں کو فورا دور کیا جائے، ہم ہر مشکل میں وفاق المدارس کی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما و سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے رحیم یار خان سے واپسی پر جامعہ قاسم العلوم ملتان میں مختصر قیام کے دوران جمعیت علمائے اسلام ضلع ملتان کے رہنما مولانا حبیب الرحمن اکبر، مولانا غلام مصطفی فردوسی، میاں جمشید اجمل، مولانا ناصر موہانی، مولانا قاری ابوبکر مدنی، مولانا سیف الرحمن، حکیم محمد الطاف اور پیر محمد یوسف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ سینیٹ میں پنجاب حکومت کے اس طرز عمل کے خلاف آواز اٹھائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر محاذ پر اپنے لئے مشکل پیدا کر رہی ہے، ختم نبوت مسئلہ کو ایک بار پھر الجھانے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت اپنی اس طرح کی حرکتوں سے باز آجائے۔ انہوں نے اس موقع پر مولانا رشید احمد لدھیانوی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمعیت علمائے اسلام کا سرمایہ تھے، ساری زندگی جمعیت سے وابستہ رہے، انکی دینی، سیاسی اور جماعتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 706597

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/706597/پنجاب-حکومت-دینی-مدارس-کیساتھ-معاندانہ-رویہ-ترک-کرے-سینیٹر-عطاء-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org