0
Thursday 22 Feb 2018 19:06

احد چیمہ کی گرفتاری سے بیوروکریسی پریشان، کام چھوڑ ہڑتال کا فیصلہ، پنجاب میں انتظامی بحران پیدا ہونے کا خطرہ

احد چیمہ کی گرفتاری سے بیوروکریسی پریشان، کام چھوڑ ہڑتال کا فیصلہ، پنجاب میں انتظامی بحران پیدا ہونے کا خطرہ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب میں انتظامی بحران کے پیدا ہونے کا خدشہ سر اٹھانے لگا، بیورو کریسی نے کام نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ منصوبے میں کرپشن پر گرفتار کرلیا۔ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد آج انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نیب نے 11 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سول سیکرٹریٹ میں بیوروکریسی کے لگا تار 3 اہم اجلاس ہوئے ہیں جن میں احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال کیلئے حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد سرکاری ملازمین میں ہلچل مچ گئی ہے اور وہ نیب کی اس طرح کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ اس حوالے سے سرکاری افسران نے ایک قرارداد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے پاس جمع کروا دی ہے اور کل کام نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری افسران نے اعلان کیا ہے کہ کل کوئی بھی سیکرٹری، کمشنر، ڈی سی سمیت کوئی بھی افسر کام نہیں کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے طاقت اور صوابدیدی اختیارات کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، صوبے میں پبلک سرونٹس کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان سے ہتک آمیز سلوک کیا جا رہا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اس طرح کے اقدامات سے پبلک سرونٹس میں شدید تشویش اور ان سیکورٹی کا احساس پایا جا رہا ہے جوکہ سرکار کے معمول کے کاموں کیلئے خطرناک ہے۔ وفاقی حکومت اور پنجاب کی صوبائی حکومت کو پنجاب میں پبلک سرونٹس کے حقوق کی حفاظت اور انسانی عزت کو ممکن بنایا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نیب انصاف اور شفاف طریقے سے عوامی مفاد اور قانون کے مطابق اپنے اختیارات کا استعمال کرے۔ چیف جسٹس آف پاکستان بنیادی حقوق کے نگران ہونے کی حیثیت سے اس سنجیدہ مسئلے کا سوموٹو لیں۔ کل کوئی سیکرٹری، کمشنر، ڈی سی اور کوئی آفسر کام نہیں کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بیوروکریسی میں وہی افسران پریشان ہیں جن کو خطرہ ہے کہ انہیں بھی دھر لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ افسران بھی کرپشن میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے انہیں اپنی فکر لاحق ہو گئی ہے۔ ادھر احد چیمہ کے اہلخانہ نے نیب کے ہاتھ احد چیمہ کو گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 706791
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش