QR CodeQR Code

کرپشن فری پاکستان کی جدوجہد میں عدلیہ کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

22 Feb 2018 20:52

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عدلیہ اپنے حصے کا کام بخوبی انجام دے رہی ہے، اب عوام پر ہے کہ وہ نیک اور امین افراد کو منتخب کرکے پارلیمنٹ میں پہنچائے، عادل حکمران ہی پاکستان کو مصائب کی دلدل سے باہر نکال کر اسے اقوام عالم میں باوقار مقام دلا سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کرپشن فری پاکستان کی جدوجہد میں عدلیہ کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، عدلیہ کے خلاف کسی بھی قسم کی محاذ آرائی ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ انتخابی اصلاحات ایکٹ پر سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے فیصلوں کے خلاف عوامی دباؤ کا حربہ ملک کو انتشار کی طرف لے کر جائے گا، عدلیہ کا فیصلہ بلاشبہ آئین پاکستان کی بالادستی پر مبنی ہے، آرٹیکل 1 آئین پاکستان کے مطابق حق حاکمیت جوکہ صرف اللہ تعالٰی کے پاس ہے وہ آرٹیکل 62، 63 کے تحت عوام کے منتخب کردہ صالح اور نیک نمائندوں کے پاس اس کی امانت ہے، حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے چوروں لٹیروں، جرائم پیشہ افراد کے لئے پارلیمنٹ کا راستہ ہموار کیا تھا، عوام عدلیہ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے آج کے فیصلے نے آئین پاکستان کی حفاظت کی ذمہ داری ادا کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ اپنے حصے کا کام بخوبی انجام دے رہی ہے، اب عوام پر ہے کہ وہ نیک اور امین افراد کو منتخب کرکے پارلیمنٹ میں پہنچائے، عادل حکمران ہی پاکستان کو مصائب کی دلدل سے باہر نکال کر اسے اقوام عالم میں باوقار مقام دلا سکتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ آئین کی بالادستی کا قیام تمام ریاستی اداروں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان بین الاقوامی سازشوں کا نشانہ بنا ہوا ہے، اندرونی حالات بھی ابتر ہیں، ایسے میں ریاستی اداروں کے مابین ٹکراؤ کی روش انتہائی خطرناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 706815

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/706815/کرپشن-فری-پاکستان-کی-جدوجہد-میں-عدلیہ-کے-اقدامات-حمایت-کرتے-ہیں-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org