0
Saturday 24 Feb 2018 19:19

دبئی، پرویز مشرف سے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

دبئی، پرویز مشرف سے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی  ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے دبئی میں ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ ہمیں اپنی ذات پر پاکستان کو فوقیت دینا ہوگی، اداروں سے ٹکراؤ کی سیاست سے ملک دشمن قوتوں کو فائدہ ہوگا، ہمیں ایک قوم بن کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا، موجودہ ملکی سیاسی بحرانی کیفیت سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی اکائیوں کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرویز مشرف نے ثروت اعجاز قادری کو پاکستان عوامی اتحاد میں شمولیت کی دعوت دی اور اُمید ظاہر کی کہ اس اتحاد کی کامیابی سے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی لوٹ آئے گی۔ اس موقع پر سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 2018 کا الیکشن میں ووٹ کے ذریعے انقلاب لانا ہوگا، موجودہ سیاسی بحرانی کیفیت سے نمٹنے کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو ایک ہوکر کام کرنا ہوگا، عدل اور تعلیم و صحت سمیت معیشت کو بہتر نظام حکومت ہی آگے لے جا سکتا ہے، دینی و سیاسی قوتوں کا اتحاد ملک کیلئے جب اچھا ہوگا جب سب اپنی انا ختم کرکے ملک کیلئے کام کریں۔ ثروت اعجاز قادری نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو مرکز اہلسنت کراچی کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اتحاد کیلئے مجلس شوریٰ سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرینگے، پاکستان سنی تحریک ملک کی سلامتی اور ترقی کو فوقیت دینے والوں سے اتحاد کریگی، عوام کے ووٹوں کا احترام کرکے عوام کے مسائل کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں، کرپشن، دہشتگردی کا خاتمہ اور فوری انصاف کی فراہمی چاہتے ہیں، دعوؤں کا دور گزر گیا اب عوام عملی کام چاہتے ہیں، اب ووٹ اسی جماعت کو ملیں گے جو عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مخلص اور صلاحیت رکھتی ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 707206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش