0
Sunday 25 Feb 2018 00:15

نجی انجینئرنگ کمپنی کے مالک شاہد شفیق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی نشاندہی پر گرفتار

نجی انجینئرنگ کمپنی کے مالک شاہد شفیق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی نشاندہی پر گرفتار
اسلام ٹائمز۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد خان چیمہ کی نشاندہی پر نیب لاہور نے شاہد شفیق نامی شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق لاہور سے نجی انجینئرنگ کمپنی کے مالک شاہد شفیق کو سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق ملزم شاہد شفیق کی گرفتاری پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی کے انکوائری کیس میں عمل میں آئی، شاہد شفیق کی ملکیتی انجینئرنگ سروسز کمپنی ایک نجی ہاؤسنگ کمپنی کی ذیلی کمپنی ہے۔ شاہد شفیق پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل ڈی اے کے اہلکاروں سے ملی بھگت کرکے 14 ارب روپے مالیت کا کنٹریکٹ حاصل کیا۔ نیب کے مطابق ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے اتوار 25فروری کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ نیب لاہور نے 21 فروری کو کارروائی کرتے ہوئے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔ احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت اور بیورو کریسی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا جب کہ بیورو کریسی کی جانب سے قلم چھوڑ ہڑتال کی بھی دھمکی دی گئی۔

احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت اور بیوروکریسی میں ہلچل دیکھی جارہی ہے جبکہ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احد چیمہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے جسے رشوت کے طور پر ترقی دی گئی جب کہ حکمرانوں کو ڈر ہے کہ احد چیمہ ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن جائے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ احد چیمہ وہ طوطا ہے جس ميں شہبازشریف کی جان ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ہڑتالیں اور پوسٹروں کی مہم شروع ہوگئی، احد چیمہ نہ ہوا نیلسن منڈیلا ہوگیا۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ احد چیمہ شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے، یہ وہ طوطا ہے جس میں شہبازشریف کی جان ہے، یہ ایسا آدمی تھا جو اربوں کے منصوبے دیکھ رہا تھا۔ جبکہ نیب کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا، ریمانڈ کے بعد رپورٹ عدالت کو دی جائے گی اور کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 707249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش