0
Sunday 25 Feb 2018 22:55

انارکی سے ادارے کمزور اور ملکی سلامتی خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے، اعجاز ہاشمی

انارکی سے ادارے کمزور اور ملکی سلامتی خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ نیب اور پنجاب حکومت کے درمیان محاذ آرائی افسوسناک ہے، اداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے کردار ادا کرنا چاہیے، سول افسران ہڑتال ختم کریں اور وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر رینجرز کی تعیناتی کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے، ایک افسر کی گرفتاری کے جانبدارانہ تاثر کو بھی ختم ہونا چاہیے، جو بھی حقائق ہیں قوم کے سامنے لائے جائیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری غیر جانبدارانہ طریقے سے ہونی چاہیے، جس نے کرپشن کی ہے، اس کا احتساب ضرور ہونا چاہیے، لیکن اس کی ملاقات پر پابندی کا کوئی جواز نہیں، ہمیں اپنے اداروں کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کیساتھ ہونے والی زیادتی کا نوٹس لیا جانا چاہیے، انارکی سے ادارے کمزور اور ملکی سلامتی خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی، استحکام پاکستان کیلئے ضروری ہے، ہمیں ہر صورت اپنے آئینی اداروں کا احترام کرنا چاہیے، بے وقعتی پیدا ہوگی تو نقصان ملک کا ہوگا اور دنیا پر جگ ہنسائی بھی ہوگی۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ سیاستدانوں کو قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا چاہیے، جس کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمنٹ کو بالادست ادارہ تسلیم کروایا جائے اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، حکمران سول ہوں یا فوجی ہر کوئی قانون کو جوابدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی مقدم ہے، ہر کسی کو اپنے دائرے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 707539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش