QR CodeQR Code

سندھ سیکریٹریٹ کے ریکارڈ کو آگ لگائی گئی، فائر بریگیڈ کا شبہ

2 Mar 2018 02:37

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائر ٹینڈر بروقت جائے حادثہ پر پہنچا تو عملے نے دیکھا کہ سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت کا مرکزی دروازہ کھلا ہوا تھا اور بڑی تعداد میں کاغذات اور سرکاری دستاویزات میں آگ لگی ہوئی تھی اور لفٹ کے سامنے کاغذات کا ڈھیر لگا ہوا تھا اور جب فائر ٹینڈر کا عملہ عمارت میں داخل ہوا تو حیران رہ گیا کہ عمارت کی تمام 6 منزلوں پر تیزی سے آگ پھیل رہی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ فائر بریگیڈ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کراچی میں قائم سندھ سیکریٹریٹ کو آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے۔ محکمہ فائر بریگیڈ کی رپورٹ کے مطابق 24 فروری بروز ہفتہ آرام باغ تھانے کی حدود سندھ سیکریٹریٹ میں آتشزدگی کا پراسرار واقعہ پیش آیا تھا، سندھ سیکریٹریٹ میں آتشزدگی کا واقعہ 24 فروری بروز ہفتہ کو پیش آیا، ہفتہ کے دن سندھ سیکریٹریٹ میں تعطیل ہونے کی وجہ سے تمام محکموں کے دفاتر بند تھے اس وقت کسی بھی سرکاری ملازم اور غیر متعلقہ شخص کے سیکریٹریٹ کی عمارت میں موجود ہونے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ گزشتہ روز محکمہ فائر بریگیڈ نے اپنی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ سیکریٹریٹ میں آتشزدگی کا معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے۔ محکمہ فائر بریگیڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 24 فروری کو سہ پہر 5 بجکر 48 منٹ پر فائر بریگیڈ کے ہیڈکوارٹرز میں اسلام الدین شخص کے ٹیلی فون نمبر سے کال موصول ہوئی اور انہوں نے بتایا کہ سندھ سیکریٹریٹ میں آگ لگ گئی ہے، جس پر محکمہ فائر بریگیڈ نے فوراً ردعمل دیتے ہوئے سینٹرل فائر اسٹیشن سے فائر ٹینڈر موقع پر بھیجے اور ساتھ ہی فائرٹینڈر کی مدد کے لئے صدر، بولٹن مارکیٹ، لی مارکیٹ، لیاری اور منظور کالونی فائر اسٹیشن سے مزید فائر ٹینڈر روانہ کئے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائر ٹینڈر بروقت جائے حادثہ پر پہنچا تو عملے نے دیکھا کہ سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت کا مرکزی دروازہ کھلا ہوا تھا اور بڑی تعداد میں کاغذات اور سرکاری دستاویزات میں آگ لگی ہوئی تھی اور لفٹ کے سامنے کاغذات کا ڈھیر لگا ہوا تھا اور جب فائر ٹینڈر کا عملہ عمارت میں داخل ہوا تو حیران رہ گیا کہ عمارت کی تمام 6 منزلوں پر تیزی سے آگ پھیل رہی تھی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دیکھا کہ لفٹ اور عین ڈک کے سامنے زمین پر کاغذوں کا ڈھیر لگا ہوا تھا اور دھاتی فائل کیبنٹس میں بھی جلے ہوئے کاغذات کا ڈھیر لگا تھا، جس سے شبہات پیدا ہوتے ہیں کہ واقعہ آتشزدگی کا نہیں ہے بلکہ واقعہ آتش زنی کا ہے۔ محکمہ فائر بریگیڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائربریگیڈ کے عملے نے کامیابی سے مختصر وقت میں تمام منزلوں پر لگنے والی آگ کو بھجا دیا تاہم آگ لگنے کے واقعے کے نتیجے میں کوئی جان نقصان نہیں ہوا جبکہ آگ لگنے کی وجہ بھی معلوم نہیں ہوسکی۔


خبر کا کوڈ: 708424

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/708424/سندھ-سیکریٹریٹ-کے-ریکارڈ-کو-ا-گ-لگائی-گئی-فائر-بریگیڈ-کا-شبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org