0
Friday 2 Mar 2018 19:30

حکومت کی قبل از انتخابات دھاندلی روکی جائے، معراج الہدیٰ صدیقی

حکومت کی قبل از انتخابات دھاندلی روکی جائے، معراج الہدیٰ صدیقی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے غریب دشمن فیصلہ اور عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ چھیننے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ تشہیری مہم سمیت حکومت کی قبل از انتخابات دھاندلی کے اقدامات کو روکا جائے، کرپشن ملک میں ناسور کی شکل اختیار کرگئی ہے جس نے بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اس سے نجات حاصل کرنا اب ناگزیر ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شریک تمام شعبہ جات کے ناظمین نے گزشتہ سال کی رپورٹ تقابلی جائزہ کے ساتھ جبکہ رواں سال کا منصوبہ اور الیکشن پلان بھی پیش کیا۔ قیم صوبہ ممتاز حسین سہتو، نائب امیر محمد حسین محنتی، عبد الغفار عمر، حافظ نصراللہ عزیز و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ ٹیکس کی شکل میں وصول کیا جانے والا عوام کے خون پسینے کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کے بجائے حکمران اپنی تشہیری مہم اور عیاشیوں پر اڑا رہے ہیں، اس وقت بھی پٹرول و ڈیزل پر بالترتیب 35 اور 55 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا نیا طوفان، ٹرانسپورٹ کے کرائے سمیت کھانے پینے کی چیزوں کے نرخ بڑھیں گے، تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح کو چھو رہا ہے، عام آدمی آج بھی دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑنے والوں کو پارلیمنٹ کے تقدس و اہمیت کا بھی خیال کرنا ہوگا، جمہوریت کی بالا دستی کے لئے تمام فیصلوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد اور ان کے کئے گئے فیصلوں پر عمل کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 708519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش