0
Saturday 3 Mar 2018 21:05

کراچی، رکن سندھ اسمبلی روبینہ قائم خانی کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق

کراچی، رکن سندھ اسمبلی روبینہ قائم خانی کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی کی رکن اور سابق صوبائی وزیر روبینہ قائمخانی کا نوجوان بیٹا کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کار حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کلفٹن توقیر محمد نعیم نے بتایا کہ روبینہ قائمخانی کا بیٹا ایک نوجوان کے ہمراہ پراڈو جیپ میں سوار تھا، جو ساحل سمندر کے علاقے میں تیز رفتاری کے باعث اچانک الٹ گئی۔ گاڑی الٹنے کے نتیجے میں حمزہ قائمخانی ہلاک جبکہ افراسیاب زخمی ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ حمزہ سینئر پولیس افسر سعادت قائمخانی اور رکن سندھ اسمبلی ربینہ قائمخانی کا بیٹا ہے، تاہم نوجوان کے والدین کے درمیان علیحدگی ہوچکی تھی۔ ربینہ قائمخانی کے دوسرے شوہر شہزاد شاہ جیلانی نے بتایا کہ حمزہ، ربینہ قائمخانی کا اکلوتا بیٹا تھا جبکہ پہلے شوہر سے ان کی دو بیٹاں بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں موجود دوسرا لڑکا افراسیاب حمزہ کا دوست ہے، عام طور پر حمزہ گھر سے باہر گاڑی میں ڈرائیور اور گارڈ کے بغیر نہیں جاتا تھا۔ تاہم اس کے دوست نے حمزہ کو چند منٹوں کے لئے گاڑی میں چلنے پر اصرار کیا۔

شہزاد شاہ جیلانی کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد حمزہ کلفٹن کے ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے رکن اسمبلی کے بیٹے کی موت پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال دیگر وزراء کے ہمراہ روبینہ قائم خانی کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے بیٹے کی وفات پر روبینہ قائم خانی سے تعزیت کی۔
خبر کا کوڈ : 708774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش