QR CodeQR Code

سینیٹ الیکشن، خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف 5 نشستوں کیساتھ سر فہرست

3 Mar 2018 21:55

غیر حتمی نتائج کے مطابق صوبے میں پیپلز پارٹی 2 اور مسلم لیگ (ن) بھی اپنے 2 امیدواروں کو منتخب کرنے میں کامیاب رہی۔ مخلوط حکومت میں شامل جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) نے بھی 1، 1 نشست حاصل کرلی، تاہم دونوں قوم پرست جماعتیں عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی سینیٹ انتخابات میں کوئی بھی نشست حاصل نہ کرسکی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات مکمل ہوگئے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق صوبے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 5 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ جنرل نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی خیال زمان اورکزئی ناکام رہے۔ حزب اختلاف میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی 2 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی اپنے 2 امیدواروں کو منتخب کرنے میں کامیاب رہی۔ مخلوط حکومت میں شامل جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام (ف) نے بھی 1، 1 نشست حاصل کرلی۔ تاہم دونوں قوم پرست جماعتیں عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی سینیٹ انتخابات میں کوئی بھی نشست حاصل نہ کرسکی۔ خیبر پختونخوا سے ٹیکنوکریٹس کی نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے اعظم خان سواتی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار دلاور خان کامیاب ہوگئے۔ جبکہ خواتین کیلئے مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹر مہرتاج روغانی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کامیاب ہوگئیں۔ جنرل نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے فیصل جاوید، محمد ایوب آفریدی اور فدا محمد خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے بحرہ مند خان تنگی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ صاحبزادہ پیر صابر شاہ، جمعیت علماء اسلام (ف) کے طلحٰہ محمود اور جماعت اسلامی کے مشتاق احمد خان کامیاب ہوگئے۔


خبر کا کوڈ: 708782

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/708782/سینیٹ-الیکشن-خیبر-پختونخوا-میں-پاکستان-تحریک-انصاف-5-نشستوں-کیساتھ-سر-فہرست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org