0
Saturday 3 Mar 2018 23:57

سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے گئے

سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ کے حکم پر سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں۔ بینکنگ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد راؤ انوار کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں، اسٹیٹ بینک کی جانب سے راؤ انوار کے اکاﺅنٹس کی تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ کو جمع کروائی جائے گی۔ راﺅ انوار کے دو بینک اکاﺅنٹس سامنے آئے ہیں اور دونوں بینک اکاﺅنٹس سرکاری بینک میں ہیں، جس میں ایک سیلری اکاﺅنٹ اور دوسرا ذاتی اکاﺅنٹ ہے۔ واضح رہے کہ نقیب اللہ محسود قتل کیس میں مفرور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو ان کے عہدے سے معطل کر دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ان پر جعلی مقابلے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ رواں سال 13 جنوری کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں راؤ انوار نے نوجوان نقیب اللہ محسود کو دیگر 3 افراد کے ہمراہ دہشتگرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔ بعد ازاں 27 سالہ نوجوان نقیب محسود کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کی تصاویر اور فنکارانہ مصروفیات کے باعث سوشل میڈیا پر خوب لے دے ہوئی اور پاکستانی میڈیا نے بھی اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے ابتدائی رپورٹ میں راؤ انوار کو معطل کرنے اور انہیں عہدے سے ہٹا کر نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 708809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش