QR CodeQR Code

سینیٹ انتخابات کے بعد ایم کیو ایم بھی ختم ہوگئی

اپوزیشن سے ملکر چیئرمین سینیٹ بنانے کی کوشش ہوگی، تمام جماعتوں سے رابطے ہیں، بلاول بھٹو

4 Mar 2018 20:47

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان نے عوام کی خدمت کے بجائے تخت لاہور کی لڑائی میں ہی 5 سال ضائع کر دیئے، لوگوں کو پتا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بھی کوئی کام نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی گرفت کراچی میں بھی بہت کمزور ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ایم کیو ایم بھی ختم ہوگئی، جبکہ متحدہ اپنی کمزوریوں کا ملبہ ہم پر نہ ڈالے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام بے روزگاری اور دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور یہ کام صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے، ہماری جماعت عوامی خدمت میں سب سے آگے ہے، سندھ حکومت کی بہترین کارکردگی کی بدولت آج پیپلز پارٹی سندھ کی واحد بڑی جماعت ہے، سینیٹ انتخابات میں ہماری جماعت کی جانب سے عزت دار لوگوں کو سامنے لایا گیا اور سینیٹ الیکشن میں توقعات سے بڑھ کر نتائج حاصل کیے، عام انتخابات میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ غلط ہے، ان کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا، ہماری کوشش ہوگی کہ اپوزیشن سے مل کر چیئرمین سینیٹ بنائیں، جس کیلئے تمام جماعتوں سے رابطے ہیں، تاہم (ن) لیگ سے کوئی رابطہ نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان نے عوام کی خدمت کے بجائے تخت لاہور کی لڑائی میں ہی 5 سال ضائع کر دیئے، لوگوں کو پتا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بھی کوئی کام نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی گرفت کراچی میں بھی بہت کمزور ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ وہ نظریاتی کارکنان کو اہمیت دیں اور آگے بڑھائیں، اے ٹی ایمز کو امیدوار نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ایم کیو ایم بھی ختم ہوگئی ہے، ان کے اپنے ارکان بھی اپنی قیادت پر اعتماد کا اظہار نہیں کرتے، اسی لئے سینیٹ انتخابات سے صرف ایک دن پہلے انہوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہم پر اُنگلی اٹھانے کے بجائے اپنے مسائل حل کرے اور اپنی کمزوریوں کا ملبہ ہم پر نہ ڈالے۔


خبر کا کوڈ: 709027

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/709027/اپوزیشن-سے-ملکر-چیئرمین-سینیٹ-بنانے-کی-کوشش-ہوگی-تمام-جماعتوں-رابطے-ہیں-بلاول-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org