0
Tuesday 10 May 2011 08:06

وزیراعظم کی تقریر غیرملکی آقاؤں کیلئے تھی، عوامی بے چینی ختم نہیں ہوئی، امریکی حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، چوہدری نثار

وزیراعظم کی تقریر غیرملکی آقاؤں کیلئے تھی، عوامی بے چینی ختم نہیں ہوئی، امریکی حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، چوہدری نثار
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم کی تقریر کے جواب میں قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ لگتا ہے وزیراعظم نے جو انگریزی میں تقریر کی وہ غیرملکی آقاؤں کیلئے تھی۔ وزیراعظم کی تقریر میں کسی ایک جملے سے بھی عوام کی بے چینی ختم نہیں ہوئی۔ وزیراعظم قومی اسمبلی سے مخاطب نہیں تھے، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گلیوں، بازاروں اور چوراہوں میں ہونیوالی کسی بات کا جواب وزیراعظم نے نہیں دیا، کسی کو پاک فوج اور آئی ایس آئی پر تنقید کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے ایوان کی متفقہ قرارداد کا تقدس پامال کیا، دہشت گردی کے خلاف متفقہ قرارداد کا جو حال ہوا وہ سب جانتے ہیں میں صرف ایبٹ آباد علاقے کی وضاحت چاہتا ہوں۔ امریکہ کی طرح وزیراعظم پر چڑھائی نہیں کرنا چاہتا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ واقعے کے بعد 2 دن تک بات کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ ایبٹ آباد آپریشن پر جو بیان جی ایچ کیو کی طرف سے جاری ہوا وہ حکومت کو دینا چاہئے تھا۔ قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں کی رائے ہے کہ امریکہ نے اسامہ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی وزیراعظم کی ناکامی ہے، امریکی حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، حکومت کو پانچ سال پورے کرنے کی رٹ لگانے کے سوا کوئی کام نہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم ایبٹ آباد واقعے پر تسلی کا ایک لفظ نہ بول سکے، ان کیمرا اجلاس سے قوم مطمئن نہیں ہو گی، حکومت مخلص ہے تو امریکی کارروائی کیخلاف اقوام متحدہ سے رجوع کرے۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے خطاب کے بعد ایبٹ آباد کے واقعے پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ عوام کو وزیراعظم کی تقریر سے بہت توقعات تھیں، لیکن انگریزی خطاب میں ان کے مخاطب عوام نہیں بیرونی آقا تھے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ امریکی کارروائی بین الاقوامی قانون کی بدترین خلاف ورزی ہے لیکن وزیراعظم یہ کہنے کو تیار نہیں۔ اگر حکومت مخلص ہے تو معاملہ اقوام متحدہ میں لے جائے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ قوم کا اعتماد اٹھ چکا ہے، قوم ان کیمرا سیشن سے مطمئن نہیں ہو گی۔ ہمارے سوالات ان کیمرا نہیں میڈیا کے سامنے ہونے چاہئیں۔ چودھری نثار نے کہا کہ چار دن پہلے فوجی قیادت نے فیصلہ کیا کہ معاملے کی انکوائری ہو گی، کیا سول حکومت معاملے کی انکوائری کرنے کی بھی اہل نہیں۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد واقعہ کے وقت سب گہری نیند سوتے رہے، سوائے صدر زرداری کے جو اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف تھے۔ صدر زرداری کے واشنگٹن پوسٹ میں آرٹیکل کے بعد بھارت کو جرأت ہوئی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ غلط فہمی کا شکار تھے کہ متفقہ وزیراعظم عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔ آج صرف چین نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ 

 
خبر کا کوڈ : 70905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش