QR CodeQR Code

پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کو فراموش کرکے اسکے خلاف پابندیاں لگانیکی سازش ہو رہی ہے، لیاقت بلوچ

قانون ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا، صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر

عالم اسلام کے ممالک اپنے مسائل باہم گفت و شنید سے حل کریں اور مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے، مجلس عاملہ سے قائدین کا خطاب

6 Mar 2018 16:31

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا یہ اجلاس اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ اس جنگ کے نتیجہ میں پاکستان کو ہزاروں سویلین اور فوجی جانوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، جبکہ پاکستان کی معیشت کو بھی بے پناہ نقصان پہنچا ہے، لیکن عالمی طاقتیں خصوصاً امریکا اور برطانیہ کی طرف سے نہ صرف ان قربانیوں سے صرف نظر کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے تحت پاکستان پر بے جا پابندیوں کی بھی سازش تیار کی جا رہی ہے، جس کی یہ اجلاس واضح الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عقیدہ ختم نبوت سے متعلق آئین میں موجود اسلامی قوانین اور اسلامی تہذیب و تمدن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے ملی یکجہتی کونسل پاکستان اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی، ان خیالات کا اظہار کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ اجلاس منصورہ لاہور میں منعقد ہوا۔ صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ ہم قانون ناموس رسالت میں ترمیم کے حوالے سے آنے والی خبروں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت کو متبنہ کرتے ہیں کہ وہ ان قوانین کو غیر موثر بنانے کی کوشش نہ کریں۔ اگر ایسی کوئی کاوش کی گئی تو کونسل اس کو ناکام بنانے کے حوالے سے کسی بھی اقدام اور قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے جو قانون منظور کیا ہے، ملی یکجہتی کونسل اس کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے اور اس ضمن میں آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم کو مبارک باد پیش کرتی ہے۔ عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کا نقصان برداشت کیا ہے، جبکہ معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا، لیکن عالمی طاقتیں خصوصاً امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے نہ صرف ان قربانیوں سے صرف نظر کیا جا رہا ہے، بلکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تحت پاکستان پر بے پابندیوں کی سازش کی جا رہی ہے، کونسل اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شام، یمن، فلسطین، کشمیر اور برما میں نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ امریکہ نے ایک مرتبہ پھر بیت المقدس میں دارالحکومت کی منتقلی کی بات کی ہے، ہم اس اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ اعلان مسلمانوں کی توہین کے مترادف ہے۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں کونسل کی سابقہ کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی۔

عاملہ کے اجلاس کے بعد جاری شدہ قراردادوں میں اعلان کیا گیا کہ یہ اجلاس پڑولیم مصنوعات میں اضافہ کے اعلان کی مذمت کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے، اسی طرح سینیٹ انتخابات میں رقوم کے بے دریغ استعمال کی بھی مذمت کی گئی۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف الیکشن کمیشن کارروائی کرے۔ قرارداد میں جماعت الدعوة، فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پر پابندی اور اثاثہ جات پر قبضہ کی مذمت کی گئی اور اثاثہ جات کے واگزار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں کونسل میں شامل جماعتوں کے مرکزی قائدین منجملہ علامہ سید نیاز حسین نقوی نائب صدر وفاق المدارس شیعہ، خواجہ معین الدین کوریجہ چیئرمین علماء و مشائخ رابطہ کونسل، مولانا اللہ وسایا مرکزی راہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ مرکزی راہنما جماعت اسلامی، محمد ضمیر اختر منصوری رابطہ سیکرٹری وفاق اتحاد تنظیمات مدارس، پیر غلام رسول اویسی سربراہ تحریک اویسیہ، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری سربراہ متحدہ جمعیت اہل حدیث، حافظ عبدالغفار روپڑی امیر جماعت اہلحدیث، پیر سید معصوم نقوی صدر جمعیت علمائے پاکستان نیازی، علامہ عارف حسین واحدی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان، سید محمد صفدر شاہ گیلانی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان، مولانا عبدالمالک صدر وفاق المدارس، ثاقب اکبر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان، سید سبطین سبزواری صوبائی صدر تحریک اسلامی، اسد اللہ بھٹو مرکزی راہنما جماعت اسلامی پاکستان، پروفیسر محمد ابراھیم نائب صدر جماعت اسلامی پاکستان، آصف لقمان قاضی مرکزی راہنما جماعت اسلامی، نذیر جنجوعہ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، محمد یعقوب شیخ چیئرمین نظریہ پاکستان کونسل، سید عبدالوحید شاہ نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان، خورشید انجم، مرکزی ناظم تربیت تنظیم اسلامی، محمد شفاعت رسول نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان، عزیز الرحمن ثانی اور دیگر نے شرکت کی۔

قراردادیں
1۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا یہ اجلاس اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ اس جنگ کے نتیجہ میں پاکستان کو ہزاروں سویلین اور فوجی جانوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، جبکہ پاکستان کی معیشت کو بھی بے پناہ نقصان پہنچا ہے، لیکن عالمی طاقتیں خصوصاً امریکا اور برطانیہ کی طرف سے نہ صرف ان قربانیوں سے صرف نظر کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے تحت پاکستان پر بے جا پابندیوں کی بھی سازش تیار کی جا رہی ہے، جس کی یہ اجلاس واضح الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
2۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا اجلاس امت مسلمہ کی حالت زار خصوصاً شام، یمن، فلسطین، کشمیر اور برما میں روا رکھے جانے والے ظلم و ستم کی بھی بھرپور مذمت کرتا ہے اور اسی طرح بنگلہ دیش میں نام نہاد جنگی جرائم کے نام پر اسلامی قیادت کو پھانسیوں کی سزاﺅں اور قید و بند کی صعوبتوں کو بھی شدید مذمت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مسلمان ممالک خصوصاً سعودی عرب، پاکستان، ترکی اور ایران سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ امت کے ان گھمبیر مسائل پر یک آواز ہو کر مشترکہ پالیسی اپنائیں۔ بالخصوص شام میں قتل عام اور بمباری روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
3۔ ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس امریکہ کی طرف سے اسرائیل کے دارالحکومت کو بیت المقدس منتقل کرنے کے اعلان کی ایک مرتبہ پھر مذمت کرتا ہے اور اس مطالبہ کا اعادہ کرتا ہے کہ امریکہ اس حوالے سے مسلمانوں اور عالمی ممالک کے جذبات کا احترام کرے اور اپنا اعلان واپس لے۔

4۔ ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس حالیہ سینٹ انتخابات میں رقوم کے بے دریغ استعمال اور ارکان پارلیمنٹ کی خرید و فروخت کی بھی بھرمار مذمت کرتا ہے اور اس خرید و فروخت کو شرعاً حرام سمجھتا ہے۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ خرید و فروخت کے اس مذموم دھندے میں ملوث افراد کے خلاف الیکشن کمیشن کارروائی کرے اور آمدہ جنرل الیکشن کو صاف شفاف اور پیسے کے بے پناہ اثرات سے محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کرے۔
5۔ ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی واپسی کا بھی مطالبہ کرتا ہے کیونکہ پٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے مہنگائی کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجہ میں عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ اجلاس حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شامل تمام ناروا ٹیکس فی الفور واپس لے۔
6۔ ملی یکجہتی کونسل کا آج کا اجلاس عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا بھرپور اعادہ کرتا ہے اور اس عزم کا ایک بار پھر اظہار کرتا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت، آئین میں موجود اسلامی قوانین اور اسلامی تہذیب و تمدن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ ملی یکجہتی کونسل ان قوانین میں ترمیم کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتی ہے اور حکومت کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ ان قوانین کو غیر موثر بنانے کی کوشش نہ کرے اور اگر اس قسم کی کوئی سازش کی گئی تو کونسل اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔
7۔ ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس جماعت الدعوة، فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پر پابندی اور اثاثہ جات پر قبضہ کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ یہ غیر قانونی پابندیاں فی الفور ختم کی جائیں اور اثاثہ جات وا گزار کئے جائیں۔
8۔ آزاد کشمیر اسمبلی نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے جو قانون منظور کیا، ملی یکجہتی کونسل اس کی تحسین کرتی ہے اور اس ضمن میں آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم کو مبارک باد پیش کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 709548

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/709548/قانون-ناموس-رسالت-کے-تحفظ-کیلئے-کسی-قربانی-سے-دریغ-نہیں-کیا-جائیگا-صاحبزادہ-ابو-الخیر-محمد-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org