QR CodeQR Code

نئی حلقہ بندیوں سے متعلق تحفظات ہیں، قانونی چارہ جوئی کرینگے، حاجی لشکری رئیسانی

7 Mar 2018 10:26

کوئٹہ میں پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بی این پی (مینگل) کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ پارٹی ماضی میں بھی ایسی روایت پر عمل پیرا رہی ہے اور عوام کے اجتماعی قومی حقوق کے حصول کیلئے ہمیشہ جدوجہد کو اہمیت دی، اب بھی پارٹی بلوچستان کے تمام طبقہ فکر اور اقوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس سراوان ہاؤس میں مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، مرکزی فنانس سیکرٹری ملک نصیر احمد شاہوانی اور مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسٰی بلوچ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کی حلقہ بندیوں پر غور کیا گیا اور اس حوالے سے مختلف تجاویز دی گئیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ایک قومی جمہوری سیاسی قوت ہے، جو ہمیشہ اصولی و فکری سیاست کے ذریعے عوام کے قومی اجتماعی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھ کر جدوجہد کر رہی ہے، تاکہ عوام کی بہتر انداز میں نمائندگی کو یقینی بنایا جاسکے۔ سیاسی، قومی وجمہوری جماعت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے تو کسی حد تک عوامی مشکلات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ پارٹی ماضی میں بھی ایسی روایت پر عمل پیرا رہی ہے اور عوام کے اجتماعی قومی حقوق کے حصول کیلئے ہمیشہ جدوجہد کو اہمیت دی، اب بھی پارٹی بلوچستان کے تمام طبقہ فکر اور اقوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے عہدیداروں اور ساتھیوں کو ہدایت کی گئی کہ اگر انہیں صوبائی و قومی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات ہیں تو وہ ایک ہفتے میں اپنی اعتراض پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں جمع کرائیں، تاکہ اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی اور دیگر اقدامات کئے جا سکیں۔


خبر کا کوڈ: 709586

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/709586/نئی-حلقہ-بندیوں-سے-متعلق-تحفظات-ہیں-قانونی-چارہ-جوئی-کرینگے-حاجی-لشکری-رئیسانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org