QR CodeQR Code

خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں موٹر سائکل چلانے پر پابندی عائد

7 Mar 2018 19:50

سکیورٹی فورسز کیجانب سے جاری بیان کے مطابق موٹر سائیکل سواری پر پابندی سکیورٹی خدشات کے باعث عائد کی گئی ہے، ساتھ ہی عوام کو ہدایت کی گئی کہ 17 مارچ تک اپنے اسلحے کا 215 ونگ سوات سکاؤٹس یا پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ اندراج یقینی بنائیں، مقررہ تاریخ کے بعد ہر قسم کا اسلحہ غیرقانونی قرار اور سرکاری تحویل میں لیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں موٹر سائیکل سواری پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کرتے ہوئے عوام کو اسلحہ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موٹر سائیکل سواری پر پابندی سکیورٹی خدشات کے باعث عائد کی گئی ہے۔ بیان میں جمرود کے عوام کو ہدایت کی گئی کہ 17 مارچ تک اپنے اسلحے کا 215 ونگ سوات سکاؤٹس یا پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ اندراج یقینی بنائیں، جس کیلئے رجسٹریشن فارم فورسز کے ہیڈکوارٹر پمپ ہاڑس غنڈی، بچہ نہر، سخی پل پوسٹ، ولو میلہ پوسٹ اور ماربل فیکٹری پوسٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے تنبیہ کی گئی کہ مقررہ تاریخ کے بعد ہر قسم کا اسلحہ غیرقانونی قرار اور سرکاری تحویل میں لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل جمرود بازار میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات کے دوران نامعلوم افراد نے لیویز فورسز کے حوالدار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 709784

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/709784/خیبر-ایجنسی-کے-علاقے-جمرود-میں-موٹر-سائکل-چلانے-پر-پابندی-عائد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org