QR CodeQR Code

کراچی کے عوام الیکشن میں عمران خان کو عبرتناک شکست دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

7 Mar 2018 20:30

ملیر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے بھی کہا اور اب بھی کہتا ہوں کہ آئیں کراچی سے الیکشن لڑیں لیکن ہم عمران خان کو کراچی سے جیتنے نہیں دیں گے کیونکہ خان صاحب کی سیاست نفرت کی سیاست ہے اور کراچی کے عوام نفرت کی سیاست نہیں چاہتے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے عوام عمران خان کو عبرتناک شکست دیں گے۔ کراچی کے علاقے ملیر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پیسے پر بات نہیں نظریات پر بات کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی نے اپنے نظریاتی کارکنان سینیٹ انتخابات میں کھڑے کئے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں چیئرمین سینیٹ پیپلز پارٹی کا ہو اور اس حوالے سے باقی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور ہم عوام کے لئے کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کو بہترین انتقام سمجھتی ہے جبکہ نواز شریف اداروں میں ٹکراؤ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں عدالتی اصلاحات چاہتے ہیں کیونکہ عدالتی اصلاحات جمہوریت کے لئے ضروری ہیں لیکن ہمیں عدالتی اصلاحات پارلیمنٹ کے ذریعے لانی ہیں۔ چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے بھی کہا اور اب بھی کہتا ہوں کہ آئیں کراچی سے الیکشن لڑیں لیکن ہم عمران خان کو کراچی سے جیتنے نہیں دیں گے کیونکہ خان صاحب کی سیاست نفرت کی سیاست ہے اور کراچی کے عوام نفرت کی سیاست نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی بلاتفریق حساب کی پالیسی ہے اور ہم دہشت گردوں کے ساتھی کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام الیکشن میں عمران خان کو عبرتناک شکست دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 709794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/709794/کراچی-کے-عوام-الیکشن-میں-عمران-خان-کو-عبرتناک-شکست-دیں-گے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org