QR CodeQR Code

دہشتگردی اور انتہاپسندی کو کرپشن سے آکسیجن ملی ہے، ثروت اعجاز قادری

7 Mar 2018 23:12

کراچی میں مرکز اہلسنت پر کشمیر سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حکمرانوں نے بہتر تعلیم، صحت اور فوری انصاف کی سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے صرف دعوئے کئے، پسے ہوئے مظلوم عوام کی نظریں عدلیہ اور پاک فوج کی طرف ہیں، جو کرپٹ قوتوں کا احتساب کر سکتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن خطے کی سلامتی اور دنیا کی ترقی کا ضامن ہے، دہشتگردی کے ناسور کے خلاف پاکستان کے عوام اور پاک فوج نے بڑی قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کے مکمل کے خاتمے کیلئے عوام پُرعزم اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دوسرا نام امن و سلامتی ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے چھپے ہاتھ عیاں ہو چکے ہیں، بھارت خطے میں دہشتگردی اور مذہبی جنونیت کو فروغ دے رہا ہے، جو خطے اور دنیا کے امن کیلئے خطرناک ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر کشمیر سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ معاشرے کو کرپشن کے مگرمچھوں نے تباہ حالی کی طرف پہنچا دیا ہے، کرپشن ایسی برائی ہے، جس نے غریبوں کا استحصال کیا اور آج اداروں پر انگلی اٹھائی جا رہی ہے، میرٹ کا قتل کرکے من پسند افراد کو سرکاری نوکریاں فراہم کی گئیں، غریب کے بچے پریشان حال اور مایوسی میں مبتلا ہیں، دہشتگردی اور انتہاپسندی کو کرپشن سے آکسیجن ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے بہتر تعلیم، صحت اور فوری انصاف کی سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے صرف دعوئے کئے، پسے ہوئے مظلوم عوام کی نظریں عدلیہ اور پاک فوج کی طرف ہیں، جو کرپٹ قوتوں کا احتساب کر سکتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 709825

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/709825/دہشتگردی-اور-انتہاپسندی-کو-کرپشن-سے-آکسیجن-ملی-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org