0
Thursday 8 Mar 2018 11:26

میرےخلاف نہیں ملک کے خلاف سازش چل رہی ہے، نواز شریف

میرےخلاف نہیں ملک کے خلاف سازش چل رہی ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مجھ پر جعلی کیس بنایا گیا اور یہ سب کچھ بڑے منصوبے کے تحت ہورہا ہے۔ احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں معلوم نہیں چل سکا کہ مجھ پر الزام کیا ہے، 6 ماہ میں مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگ سکا، ربرٹ ریڈلے کو بڑے ارمانوں سے لے کر آئے تھے اور وہ ہمارا ہی کیس بنا کر چلا گیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ رضا ربانی اپنا کام اچھے طریقے سے کرتے ہیں وہ موزوں آدمی ہیں، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے ہارس ٹریڈنگ ہوسکتی ہے، رضا ربانی کا نام بطور چیئرمین سینیٹ دینے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ سے بچنا تھا۔

نوازشریف نے کہا کہ چئیرمین سینیٹ کے لیے مشاورت بھی کی، ان ہی کی حمایت کریں گے، اپوزیشن اور ہماری خواہش ہے کہ رضا ربانی کی چئیرمین سینیٹ بنیں، بلوچستان میں دو تین ماہ پہلے ہی ہارس ٹریڈنگ شروع ہو گئی تھی جبکہ ہارس ٹریڈنگ ایک بری روایت ہے جس کا سدباب ہونا چاہیے۔ نوازشریف نے کہا کہ سینیٹ میں ہم اکثریتی جماعت ہیں اور ہمارا حق ہے کہ امیدوار دیں، فضل الرحمان، محمود اچکزئی اور حاصل بزنجو کو ملاکر اچھی خاصی تعداد بن جاتی ہے۔ دوران گفتگو صحافی کی جانب سے کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری سے اچھی دوستی ہے جس پر نواز شریف نے کہا کہ مولانا صاحب ہمارے بھی اچھے دوست ہیں۔

بعد میں پنجاب ہاوس میں وکلا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ملک جب بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو سازشیں شروع ہو جاتی ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں سی پیک اور موٹر وے بنانے کی سزا مل رہی ہے۔ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، ان پر کرپشن کا آج تک ایک پیسہ بھی ثابت نہیں ہوا، نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ تین بار ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، کرپشن ہوتی تو ثابت ہو جاتی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن ثابت نہ ہوئی تو اقامہ کی بنیاد پر انہیں نکالا گیا، بلیک لاء ڈکشنری کا پتہ انہیں اس کیس کے بعد چلا، نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں آیئن اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں اور ووٹ کا تقدس بحال کرانا چاہتے ہیں، عوام نے ان کے خلاف فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 709887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش