QR CodeQR Code

مولوی عصمت اللہ نے سپیکر کی اجازت کے بغیر ایوان میں اسامہ کیلئے فاتحہ خوانی کرا دی، فیصل کریم کنڈی کا اظہار ناراضگی

10 May 2011 14:47

اسلام ٹائمز:بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن مولوی عصمت اللہ نے اسمبلی اجلاس کے دوران کہا کہ اسامہ بن لادن مسلمان تھے۔ اس لیے ان کے لئے فاتحہ خوانی ہونی چاہیے۔ جس کے بعد انھوں نے فاتحہ خوانی کرائی۔ جس میں عطاء الرحمن اور شاہجہاں یوسف نے بھی شرکت کی


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رکن قومی اسمبلی مولوی عصمت اللہ نے سپیکر کی اجازت کے بغیر ایوان میں اسامہ بن لادن کے لیے فاتحہ خوانی کرائی دی، جیسے ڈپٹی اسپیکر نے غیر مناسب رویہ قرار دے دیا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن مولوی عصمت اللہ نے اسمبلی اجلاس کے دوران کہا کہ اسامہ بن لادن مسلمان تھے۔ اس لیے ان کے لئے فاتحہ خوانی ہونی چاہیے۔ جس کے بعد انھوں نے فاتحہ خوانی کرائی۔ جس میں عطاء الرحمن اور شاہجہاں یوسف نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولوی عصمت اللہ کو اسامہ کی فاتحہ خوانی کے لیے اجازت لینی چاہیے تھی۔
 قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت شروع ہوا تو مسلم لیگ ق کی رکن قومی اسمبلی ماروی میمن نے ایوان میں ایسڈ کرائم بل 2010ء پیش کیا، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ بل کے تحت خواتین پر تیزاب پھینکنے والے شخص کو زیادہ سے زیادہ عمر قید اور کم سے کم چودہ سال سزا اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوگی۔ مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی جمال لغاری نے کہا کہ وہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ ابھی تک اپوزیشن ممبر ہیں، مسلم لیگ ق کو صوبہ پنجاب کی تقسیم کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن عملاً کچھ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک وہ اپوزیشن میں رہیں گے جب تک پنجاب کی تقسیم کی واضح یقین دہانی نہیں کرائی جاتی۔ رکن قومی اسمبلی عبدالقادر خان زادہ نے کہا کہ کسانوں سے گندم کی خریداری کی پالیسی کو اجلاس میں زیر بحث لایا جائے، بھارت کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکی تشویش ناک ہے، جس پر احتجاج کیا جانا چاہیے۔ اجلاس کل شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 70999

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/70999/مولوی-عصمت-اللہ-نے-سپیکر-کی-اجازت-کے-بغیر-ایوان-میں-اسامہ-کیلئے-فاتحہ-خوانی-کرا-دی-فیصل-کریم-کنڈی-کا-اظہار-ناراضگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org