0
Thursday 8 Mar 2018 22:24
خواتین کیلئے رول ماڈل ہالی وڈ کی اداکارائیں نہیں، حضرت فاطمہ اور حضرت عائشہ ہیں

اسمبلیوں میں بیٹھی ہوئی مغرب زدہ خواتین پاکستانی عورت کی نمائندگی نہیں کرتیں، سراج الحق

اسمبلیوں میں بیٹھی ہوئی مغرب زدہ خواتین پاکستانی عورت کی نمائندگی نہیں کرتیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام ہی واحد دین ہے جو عورتوں کے حقوق کا محافظ ہے، اسلام نے عورت کو وراثت کا حق اور عورت کو ماں، بہن اور بیٹی کے روپ میں عزت و احترام دیتا ہے، خواتین کیلئے رول ماڈل ہالی وڈ کی اداکارائیں نہیں، حضرت فاطمہ اور حضرت عائشہ ہیں، مغرب نے عورت کا استحصال کیا ہے یہاں تک کہ معاشی بوجھ بھی اس پر ڈال دیا ہے، اسلام نے مرد کو عورت اور اپنے خاندان کا کفیل بنایا ہے، اسٹیٹس کو اور استعماری قوتوں کے غلام حکمران عورتوں کا استحصال کر رہے ہیں، جس نے اپنی بہن اور بیٹی کو وراثت میں اس کا حق نہ دیا ہو الیکشن کمیشن ایسے امیدوار کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے۔ سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دار اپنی جاگیریں، اثاثہ جات اور بنک بیلنس تقسیم ہونے کے ڈر سے بیٹیوں اور بہنوں کو وراثت سے محروم رکھتے ہیں، مغرب اپنی شیطانی تہذیب کو مسلط کرنے کیلئے مسلم دنیا کے حکمرانوں کے ذریعے ہمارے خاندان کے قلعہ کو مسمار کرنا چاہتا ہے، اسمبلیوں میں بیٹھی ہوئی مغرب زدہ خواتین پاکستانی عورت کی نمائندگی نہیں کرتیں، وہ مغرب کی نمائندہ ہیں اور عورتوں کے حقوق کے نام پر مغربی تہذیب یہاں مسلط کرنا چاہتی ہیں۔ خواتین کو اسلام نے ماں بہن بیٹی اور بیوی کے رشتوں کے حوالے سے جو احترام دیا ہے اس کی مثال دوسرے کسی مذہب اور تہذیب میں نہیں ملتی، خواتین پر تشدد کرنیوالے سے بڑھ کر کوئی بزدل نہیں ہو سکتا۔

سراج الحق نے کہا کہ خواتین اگر اپنے حقوق سے محروم ہیں تو صرف اس لیے کہ ان کے حقوق کی بات کرنیوالی این جی او زدہ خواتین نمائشی کاروائیوں پر یقین رکھتی ہیں، انہیں عورت کے حقوق سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین پر سب سے زیادہ ظلم کرنیوالے وہی لوگ ہیں جو ان کے حقوق کے لیے شور مچاتے ہیں، اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا تو خواتین کیلئے علیحدہ یونیورسٹیاں اور تعلیمی ادارے بنائیںگے، اسلامی حکومت خواتین کو بلاسودی قرضے دے گی تاکہ وہ گھریلو دستکاریوں اور چھوٹی صنعتوں کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں، قومی سطح پر خواتین کے حقوق کے تحفظ سے ہی عورت کو احترام اور اعتماد دیا جا سکتا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران امریکہ اور مغرب کو خوش کرنے کیلئے مسلمان خواتین سے حجاب جیسی نعمت چھین لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن و حدیث کی روشن تعلیمات سے اپنے گھروں کو منور کرنے کی ضرورت ہے، معاشرے کو جہالت، کرپشن، بدامنی، دہشتگردی، غربت، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہمیں خواتین کو اعتماد دینا اور ان کے حقوق کو ادا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 710052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش