0
Saturday 10 Mar 2018 21:43

جو شخص ایم پی ایز کو خرید کر سینیٹ تک پہنچا ہو اُس نے پاکستان کی کیا خدمت کرنا ہوگی، شاہد خاقان عباسی

جو شخص ایم پی ایز کو خرید کر سینیٹ تک پہنچا ہو اُس نے پاکستان کی کیا خدمت کرنا ہوگی، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس ملک میں سیاست بدنام ہو وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا اور ہمیشہ صرف وہی ملک ترقی کرتا ہے جس میں سیاست کو اس برائی سے پاک رکھا جائے اور ہماری حکومت نے ایسا ہی کیا۔ تربیلا 4 ہائیڈرو منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا سفر جاری رہے گا تو پاکستان ترقی کرے گا اور ہمیں یہ پیغام عوام تک پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہم نے فیصلہ کیا کہ ووٹ دینے کیلئے کسی کو ایک روپیہ بھی نہیں دیں گے کیونکہ ہم ملک اور سیاست کی بدنامی نہیں چاہتے تھے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے سینیٹ انتخاب میں اس چیز کو استعمال نہیں کیا۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی ہم چاہتے ہیں کہ ایسا شخص آئے جو تمام معاملات کو بہتر انداز سے چلا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص ایم پی ایز کو خرید کر سینیٹ تک پہنچا ہو اس نے پاکستان کی کیا خدمت کرنا ہوگی اور یہ سب فیصلہ عوام کا ہوتا ہے کہ وہ کسے منتخب کریں اور میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ سیاست کے فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے بلکہ پولنگ اسٹیشن میں ہوتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وقت آرہا ہے کہ عوام فیصلہ کریں کیونکہ عوام جو فیصلہ کرتے ہیں اس کے اثر ان تک پہنچتے ہیں۔ 2008ء میں عوام نے جو فیصلہ کیا وہ ان کے سامنے ہے جبکہ 2013ء میں جس کے حق میں عوام نے ووٹ دیا آج اس کے اثرات ان کے سامنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں خوشحالی میں اضافہ ہوا ہے اور اگر ہماری حکومت رہی تو یہ سفر اور بہتر ہوگا، لیکن فیصلہ عوام نے کرنا ہے اور کسی کو حق نہیں کہ وہ اس فیصلے میں مداخلت یا نفی کرسکے کیونکہ اگر جمہوریت کا سفر جاری رہے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ تربیلا 4 ہائیڈرو منصوبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ درپیش مسائل چیلنج تھے لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کیا اور آج ملک میں اتنی بجلی پیدا کررہے ہیں جو آئندہ 10 سال کیلئے کافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف منصوبے شروع کئے بلکہ انہیں مکمل بھی کیا اور تربیلا 4 منصوبے کو عالمی ماہرین کی معاونت سے تیار کیا گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور نواز شریف نے اس ملک کی معیشت کو استحکام کیا اور آئندہ اگر ہماری حکومت آئی تو ترقی کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 710488
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش