QR CodeQR Code

ایبٹ آباد آپریشن ملک کی خودمختاری پر حملہ،امریکا سے تعلقات پر نظرثانی کی ضرورت ہے، نواز شریف

10 May 2011 22:14

اسلام ٹائمز:مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ تحقیقات کیلئے بنائے جانیوالے کمیشن میں سول سوسائٹی اور عدلیہ کے اچھی شہرت کے افراد بھی شامل کئے جا سکتے ہیں، ذمہ داروں کا تعین ضروری ہے، تحقیقات سے کوئی ادارہ کمزور نہیں ہوتا بلکہ ذمہ داری کے تعین سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ واقعہ میں کوتاہی کے بجائے بدنیتی شامل ہو تو وہ بھی سامنے لائی جائے


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد واقعہ ملک کی خودمختاری پر حملہ ہے، امریکا سے تعلقات پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ تحقیقات کیلئے آزاد کمیشن قائم کیا جائے، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے مساوی ارکان شامل ہوں۔ انہوں نے یہ باتیں اسلام آباد میں پارٹی کی تنظیمی کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیں۔  میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحقیقات کیلئے بنائے جانیوالے کمیشن میں سول سوسائٹی اور عدلیہ کے اچھی شہرت کے افراد بھی شامل کئے جا سکتے ہیں، ذمہ داروں کا تعین ضروری ہے، تحقیقات سے کوئی ادارہ کمزور نہیں ہوتا بلکہ ذمہ داری کے تعین سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ واقعہ میں کوتاہی کے بجائے بدنیتی شامل ہو تو وہ بھی سامنے لائی جائے۔ واقعہ کو دوسرے بھی مستقبل میں بطور مثال استعمال کر سکتے ہیں۔ 
مسلم لیگ ق کے حکومت میں شامل ہونے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو شامل کئے بغیر بھی عوام انہیں ووٹ دیں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے صرف بیانات سے نہیں رکیں گے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ ڈرون حملوں کیخلاف نواز شریف عوام کو متحرک کریں۔ نواز شریف نے اعلان کیا کہ اجلاس کل سہ پہر تین بجے دوبارہ ہو گا، جس کے بعد ابیٹ آباد کے واقعہ پر نیوز کانفرنس میں پارٹی پالیسی قوم کے سامنے پیش کی جائیگی۔ مسلم لیگ نون کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی گئی ہے۔ نون لیگ نے حکومتی فیصلوں کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اجلاس میں کہا گیا ہے ایبٹ آباد آپریشن ملکی سلامتی پر حملہ ہے۔اجلاس میں نواز لیگ کے ارکان نے حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔


خبر کا کوڈ: 71072

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/71072/ایبٹ-آباد-آپریشن-ملک-کی-خودمختاری-پر-حملہ-امریکا-سے-تعلقات-نظرثانی-ضرورت-ہے-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org