0
Sunday 11 Mar 2018 22:49

حکومت تحفظ ناموس رسالت (ص) کے قانون میں ترمیم نہ ہونے کے لئے کوئی طریقہ کار وضع کرے، راغب نعیمی

حکومت تحفظ ناموس رسالت (ص) کے قانون میں ترمیم نہ ہونے کے لئے کوئی طریقہ کار وضع کرے، راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو لاہور میں مفتی اعظم پاکستان علامہ محمد حسین نعیمی اور شہید پاکستان ڈاکٹر سرفراز حسین نعیمی کی یاد میں 20ویں سالانہ عرس و سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، ممبر آزاد کشمیر اسمبلی علی رضا بخاری، سینیٹر پرویز رشید، رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر، صوبائی وزیر بلال یاسین، میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر مفتی انتخاب نوری، مفتی اقبال چشتی، پیر اختر رسول، مفتی رفیق نقشبندی، قاری غلام محمد سیالوی اور سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ سمیت علماء اور طلباء نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ حکومت تحفظ ناموس رسالت (ص) کے قانون میں ترمیم نہ ہونے کیلئے کوئی طریقہ کار وضع کرے تاکہ مستقبل میں ایسی کوئی ہمت نہ کر سکے، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی موجودگی میں راجہ ظفرالحق کی رپورٹ کو بھی منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر اینکر پرسن سہیل وڑائچ نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت کانگرس کو مضبوط پارٹی شمار کیا جا رہا تھا تاہم علماء کرام کے متحد ہونے کے بعد ملک معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو دو قومی نظریہ کے  مطابق فیصلے کرنے چاہیئے جس میں ملک و قوم کو فائدہ ہو۔ اس موقع پر جامعہ کے ناظم اعلیٰ نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، قوم میں تشویش پائی جاتی ہے کہ راجہ ظفرالحق رپورٹ کی کیوں منظر عام پر نہیں لایا جا رہا۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علماء اور پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ راجہ ظفر الحق رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور آئندہ کیلئے ایسی قانون سازی کرلی جائے کہ کوئی بھی حکومت اقتدار میں ہو، وہ عقیدہ ختم نبوت کو نہ چھیڑ سکے۔
خبر کا کوڈ : 710736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش