QR CodeQR Code

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پاکستان کے 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

12 Mar 2018 03:20

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کیمطابق جواد ظریف کے ہمراہ اقتصادی، تجارتی اور کاروباری شعبوں کے نمائندوں پر مشتمل 30 رکنی وفد بھی اسلام آباد پہنچ گیا، جو کاروباری حوالے سے مذاکرات کریگا۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پاکستان کے 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وہ میزبان قیادت سے ملاقات کریں گے۔ وزارت خارجہ کے سینیئر حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ میں ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جواد ظریف کے ہمراہ اقتصادی، تجارتی اور کاروباری شعبوں کے نمائندوں پر مشتمل 30 رکنی وفد بھی اسلام آباد پہنچ گیا، جو کاروباری حوالے سے مذاکرات کرے گا۔ جواد ظریف باہمی سیاسی مشاورتی اجلاس میں ایرانی وفد کی قیادت کریں گے، جس میں تجارت، توانائی، ثقافت اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں پر گفتگو ہوگی۔ جواد ظریف اپنے اس دورے میں صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ اپنے 3 روزے دورے میں اسلام آباد اور کراچی میں ایران اور پاکستان کے کاروباری اور تجارتی نمائندوں کے دو اجلاسوں سے بھی خطاب کریں گے۔

جواد ظریف باہمی تعلقات کے موضوع پر پاکستانی تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔ خیال رہے کہ ایرانی حکومت کی جانب سے حال ہی میں چاہ بہار بندرگار کا ایک ٹرمینل پاکستان کے حریف بھارت کو دیا تھا ،جبکہ بھارت اس بندرگارہ کو گوادر کے متبادل کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے معاہدوں کے بعد گوادر بندرگاہ کی اہمیت مشرق وسطٰی سمیت کئی پڑوسی ممالک کے لئے مزید بڑھ گئی ہے۔ گذشتہ سال دسمبر میں شروع کی گئی چاہ بہار بندرگاہ کے ذریعے بھارت اپنے حریف پاکستان کو پس پشت ڈال کر اپنی نئی تجارتی راہداری کو ترتیب دینا چاہتا تھا۔


خبر کا کوڈ: 710824

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/710824/ایران-کے-وزیر-خارجہ-محمد-جواد-ظریف-پاکستان-3-روزہ-سرکاری-دورے-پر-اسلام-آباد-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org