QR CodeQR Code

فاٹا سیکرٹریٹ میں کرپشن کا نوٹس لیاجائے، فاٹا سٹوڈنٹس

13 Mar 2018 20:00

فاٹا سٹوڈنٹس نے الزام لگایا ہے کہ فاٹا ڈائریکٹریٹ میں کرپشن کا بازار گرم ہے وہاں پر فاٹا کے عوام کے لئے آنے والا فنڈز ہڑپ کردیا جاتا ہے۔ اسی طرح فاٹا سیکرٹریٹ میں میرٹ کے برعکس نوکریاں عزیز و اقارب، منظور نظرافراد اور پیسوں کے عوض بانٹی جارہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فاٹا سٹوڈنٹس فیڈریشن نے فاٹا سیکرٹریٹ کی جانب سے قبائلی نوجوانوں کیلئے مختص فنڈزکی تفصیلات منظرعام پرلانے جبکہ خالی آسامیوں پر فوری تعیناتی کرنے مطالبہ کیا ہے۔ پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنظیم کے صدرعیسیٰ خان اورکزئی، جنرل سیکرٹری سعیداللہ قبائلی اور دیگر نے کہاکہ فاٹا جنگ سے متاثرہ علاقہ ہے اور وہاں کے عوام انتہائی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ فاٹا ڈائریکٹریٹ میں کرپشن کا بازار گرم ہے وہاں پر فاٹا کے عوام کے لئے آنے والا فنڈز ہڑپ کردیا جاتا ہے۔ اسی طرح فاٹا سیکرٹریٹ میں میرٹ کے برعکس نوکریاں عزیز و اقارب، منظور نظرافراد اور پیسوں کے عوض بانٹی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام کی لا پرواہی کی وجہ سے فاٹا طلبہ کیلئے ایٹا ٹسٹ کے عدم انعقاد سے سالانہ 50 سیٹیں ضائع ہو رہی ہیں۔ پریس کانفرنس کے شرکاء نے مطالبہ کیاکہ فاٹا سیکرٹریٹ قبائلی نوجوانوں کے لئے مختص فنڈز اور بھرتی شدہ ملازمین کی تفصیلات منظر عام پر لائے جبکہ وفاقی حکومت اور گورنر خیبرپختونخوا مختلف جامعات میں مختص سیٹیں ضائع ہونے پر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ فاٹا سیکرٹریٹ حکام کے خلاف کارروائی کریں۔ قبائل کے نام پر بندوبستی علاقوں کے طلبہ کے لئے ڈومیسائل بنانے کابھی نوٹس لیا جائے بصورت دیگر گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 711229

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/711229/فاٹا-سیکرٹریٹ-میں-کرپشن-کا-نوٹس-لیاجائے-سٹوڈنٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org