0
Tuesday 13 Mar 2018 21:31

بھارت دہشتگردی کو ہوا دے کر پاکستان میں فسادات پھیلانا چاہتا ہے، میاں مقصود احمد

بھارت دہشتگردی کو ہوا دے کر پاکستان میں فسادات پھیلانا چاہتا ہے، میاں مقصود احمد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی نے تمام حدود کو پامال کر دیا ہے، بھارت کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ تشویشناک ہے، جب تک بھارت کو اس کی زبان میں جواب نہیں دیا جائے گا تب تک وہ باز آنیوالا نہیں، حکومت پاکستان انڈیا کی جارحیت کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے بگلیہار ڈیم کے مقام پر دریائے چناب کا پانی روکنا آبی جارحیت ہے، بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی زرخیز زمینوں کو بنجر کرنا چاہتا ہے، اس کیلئے وہ بڑے پیمانے پر پاکستان کی طرف آنیوالے دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر کر رہا ہے جبکہ لمحہ فکریہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں پاکستان میں کالاباغ ڈیم کو سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی ایشو بنا کر رکھ دیا گیا ہے، اسی تناظر میں بھارت اپنے قومی بجٹ میں رقم مختص کرتا ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی کی صلاحیت سے خائف ہے، اگر فوری طور پر بھارت کو نہ روکا گیا تو ملکی زراعت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، پاکستان کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی خارجہ پالیسیاں بنائے جو ملک وقوم کے تحفظ کو یقینی بناتی ہوں۔ بھارت کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا کر چکا ہے، وہاں لوگوں کو بلاجواز اغوا کرکے شہید کر دیا جاتا ہے مگر مجال ہے کہ انسانیت کے علمبردار ممالک، اقوام متحدہ اور نام نہاد این جی اوز کے کانوں پر جوں تک رینگتی ہو۔ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے، جموں وکشمیر کی آزادی تک پاکستان کا وجود نامکمل ہے۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ بھارت اپنے خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے دہشتگردی کو ہوا دے کر پاکستان میں انتشار اور فسادات کو پھیلانا چاہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 711253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش