0
Wednesday 14 Mar 2018 17:26

بلوچستان کابینہ کا اجلاس، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

بلوچستان کابینہ کا اجلاس، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 2017-18ء میں شامل میگا پروجیکٹس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور ان منصوبوں کے لئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے بعض اہم فیصلے کئے گئے۔ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ عوام کو مختلف شعبوں میں فوری ریلیف دینے اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید کرنے کے لئے ترقیاتی عمل کو تیز کیا جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مطلوبہ فنڈز کا اجراء کیا جائے۔ کابینہ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو انفرادی نوعیت کے منصوبوں کی بجائے اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے زرعی کالج کوئٹہ کو زرعی یونیورسٹی کا درجہ دینے، کچھی کینال کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ، بی ٹیوٹا کے تحت تکنیکی تربیت کی فراہمی کے پروگرام، 33ویں نیشنل گیمز کے کوئٹہ میں انعقاد، تربت میں سرکٹ بینچ کے قیام، کوئٹہ میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر، چمن ٹاؤن کی ترقی، کوئٹہ میں سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کے قیام، واشک تا پلانٹک روڈ کی تعمیر، کوئٹہ شہر کی سڑکوں کی بہتری، کچلاک بائی پاس، درگئی تا شبوزئی تا تونسہ شریف شاہراہ کی تعمیر، سمنگلی روڈ کی توسیع، حب بائی پاس کی تعمیر، ایئر پورٹ روڈ تا نواں کلی سڑک کی تعمیر، وزیراعلٰی پروگرام کے تحت کوئٹہ شہر میں شہری سہولتوں میں اضافے جیسے میگا پروجیکٹس کے لئے مطلوبہ فنڈز کے فوری اجراء کی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت جاری ایسے منصوبے جن پر اسی فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، انہیں اسی مالی سال کے دوران مطلوبہ فنڈ جاری کرتے ہوئے 30 جون سے پہلے مکمل کیا جائے، تاکہ عوام تک ان منصوبوں کے ثمرات پہنچ سکیں۔

اجلاس میں کوئٹہ اور گردونواح میں زیر زمین آبی وسائل کی ترقی اور ان میں اضافے کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واٹر شیڈ مینجمنٹ کے پی ایس ڈی پی میں شامل ایک ارب روپے کی لاگت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی گئی۔ کابینہ نے نوشکی کیڈٹ کالج کے منصوبے کی تکمیل کے لئے مطلوبہ فنڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی۔ کابینہ نے روزناموں اور جرائد پر عائد پندرہ فیصد سیلز ٹیکس کے استثناء کی منظوری بھی دی۔ کابینہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے کوئٹہ میں کارڈک ہسپتال کے مجوزہ منصوبے پر عملدرآمد کی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اس حوالے سے فوری طور پر حکومت پنجاب سے رابطہ کیا جائے گا، تاکہ حکومت پنجاب کا مؤقف حاصل کرکے ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے کا حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے منصوبے کے لئے فنڈز کی عدم دستیابی کی صورت میں صوبائی حکومت اپنے وسائل سے کارڈک ہسپتال تعمیر کرے گی۔ اس موقع پر وزیراعلٰی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے گذشتہ روز ہونے والی ملاقات میں کوئٹہ میں بھی شوکت خانم ہسپتال کی درخواست کی ہے، جس کے لئے اراضی صوبائی حکومت فراہم کرسکتی ہے۔ عمران خان نے اس ضمن میں مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 711462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش