0
Wednesday 14 Mar 2018 18:19

کراچی، عوامی شکایات پر نادرا کے 2 ڈائریکٹرز برطرف، ڈی جی سندھ کا تبادلہ

کراچی، عوامی شکایات پر نادرا کے 2 ڈائریکٹرز برطرف، ڈی جی سندھ کا تبادلہ
اسلام ٹائمز۔ عوامی شکایات پر چیئرمین نادرا عثمان مبین نے نادرا کے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف، جبکہ ڈی جی سندھ کا تبادلہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا عثمان مبین نے کراچی کے مختلف نادرا سینٹرز کا اچانک دورہ کیا، جس میں انہوں نے سائلین سے ان کے مسائل سنے اور موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ چیئرمین نادرا ڈیفنس کے میگا سینٹر پر بغیر اطلاع پہنچے، جہاں شناختی کارڈ کے حصول کیلئے لوگ طویل قطار میں کھڑے تھے۔ چیئرمین نادرا نے اعلیٰ افسران کو موقع پر طلب کرکے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عثمان مبین نے ایکشن لیتے ہوئے سینٹر کے پورے عملے کو تبدیل کر دیا۔ چیئرمین نادرا نے کراچی میں شناختی کارڈ کے حصول میں دشواریوں اور عوامی شکایات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے نادرا کے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف اور ڈی جی سندھ کا تبادلہ کر دیا۔

چیئرمین نادرا نے عوام کی سہولت کیلئے کراچی میں نادرا سینٹرز صبح 9 سے رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ اس کے علاوہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے چیئرمین نے نادرا میں اعلیٰ کارکردگی کا ریکارڈ رکھنے والے افسران کو کراچی طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین نادرا عثمان مبین کا دو ہفتوں میں کراچی کے نادرا سینٹرز کا دوسرا ہنگامی دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے ڈیفنس اور سائٹ ایریا کے میگا سینٹرز سمیت دیگر علاقائی سینٹرز کا دورہ کرکے غفلت برتنے والے عملے کو معطل اور برطرف کیا تھا، جبکہ یہ اعلان بھی کیا تھا کہ کسی بھی شہر کا شخص نادرا کے ہر سینٹر سے شناختی کارڈ بنانے کا اہل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 711470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش