0
Wednesday 14 Mar 2018 21:51

رائیونڈ، تبلیغی اجتماع کی داخلی چیک پوسٹ پر دھماکہ، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق، 20 زائد زخمی

رائیونڈ، تبلیغی اجتماع کی داخلی چیک پوسٹ پر دھماکہ، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق، 20 زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے قریب واقع پولیس کی چیک پوسٹ پر زور دار دھماکہ ہوا ہے جس میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکے میں ایک موٹر سائیکل استعمال کی گئی تاہم حتمی رپورٹ سکیورٹی اداروں کی جانب سے ہی جاری کی جائے گی۔ دھماکے کی نوعیت کا تعین جاری ہے تاہم دھماکے کی آواز بہت دور دور تک سنی گئی ہے۔ دھماکے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس سے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں پہنچیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق دھماکہ چیکنگ کے دوران ہوا جب اجتماع میں آنیوالوں کی چیکنگ کی جا رہی تھی کہ ایک بیگ میں موجود دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جن میں رائے ونڈ کے اے ایس پی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی شہری دور دراز علاقوں سے شرکت کیلئے آتے ہیں۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائیونڈ میں ہونیوالے دھماکے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ بظاہر تو لگتا ہے کہ دھماکے میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم تحقیقات کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 711542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش