0
Thursday 15 Mar 2018 21:36

سرحدی راستوں کی بندش سے پاک افغان تجارت پر منفی اثرات پڑے، رانا افضل

سرحدی راستوں کی بندش سے پاک افغان تجارت پر منفی اثرات پڑے، رانا افضل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے خزانہ رانا افضل نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ برسوں میں کشیدگی کے سبب پاک افغان سرحد کی بندش سے دوطرفہ تجارت کو نقصان پہنچا ہے، تاہم اُن کا کہنا ہے کہ افغانستان سے تجارت میں اضافے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ جمعرات کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رانا افضل کا کہنا تھا کہ خاص طور پر طورخم سرحد پر ہم ایک نئی کسٹم کلیئرنگ سہولت فراہم کررہے ہیں تاکہ جلد سے جلد ان (افغانستان) کے کنٹینرز کلیئر ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ افغان حکام بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان کے راستے ہونے والی ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے جس کیلئے رانا افضل کے بقول کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی روابط ہمارے لئے بھی بہت اہم ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ ان کے تمام معاملات کو ایڈریس کریں۔ ماضی میں ایک دو مرتبہ بلکہ اس سے زیادہ مرتبہ جو ہمارے بارڈر بند ہوئے، اس کا دوطرفہ تجارت پر منفی اثر پڑا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ ہی پاکستان افغانستان مشترکہ چمبر آف کامرس نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے سبب گذشتہ دو برسوں میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں لگ بھگ 50 فیصد تک کمی آئی ہے۔

رواں ماہ ہی پاکستان نے شمالی وزیرستان کے مقام پر افغانستان کے ساتھ واقع غلام خان نامی سرحدی راستہ تقریباً تین سال کی بندش کے بعد دوبارہ کھولا ہے۔ اس بارے میں رانا افضل نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان سے تمام باضابطہ سرحدی راستے کھولے جائیں۔ شمالی وزیرستان میں مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کے خلاف 2014ء میں ضربِ عضب نامی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے غلام خان کا سرحدی راستہ بند کردیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں تعینات افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال نے گذشتہ ہفتے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں دیگر اُمور کے علاوہ دوطرفہ تجارت اور لوگوں کی آزادانہ آمد و رفت پر بھی بات کی تھی۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کے خواہش مند حلقے اور پاک افغان مشترکہ چمبر آف کامرس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تجارت اور عوامی رابطوں کو سیاسی کشیدگی کے معاملات سے الگ رکھنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 711753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش