QR CodeQR Code

موجودہ بجٹ سے انفرادی منصوبے ختم کئے جائیں، بلوچستان ہائیکورٹ

16 Mar 2018 11:31

عدالت نے تمام محکموں کے سیکرٹریز کو نئی پی ایس ڈی پی کیلئے تجویز بیس روز کے اندر اندر پی اینڈ ڈی کو جمع کرانیکی ہدایت کی اور آئندہ سماعت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقی و منصوبہ بندی سے نئے مالی سال کے پی ایس ڈی پی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے موجودہ سالانہ ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) میں شامل انفرادی نوعیت کے منصوبوں کو نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ وسیع تر عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ ہونا چاہیئے۔ انفرادی نوعیت کے منصوبوں کیلئے مختص رقم پانی، ڈیمز کی تعمیر، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کی جائے۔ انفرادی نوعیت کے منصوبے سیاسی رشوت، سپریم کورٹ کے فیصلے اور پلاننگ کمیشن کے رولز کے خلاف ورزی ہیں۔ ارکان اسمبلی اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کریں تو عدالت ان سے پوچھنے کا حق رکھتی ہے۔ مداخلت اور اختیارات چھیننے کا شور مچایا جارہا ہے۔ ہم آئین و قانون کے محافظ ہیں، ہمیں جمہوریت کا مخالف سمجھنے والوں کی سوچ غلط ہے۔ عدالت نے آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں انفرادی نوعیت کے منصوبوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام سیکرٹریز اور انتظامی محکموں کے سربراہان کیلئے لازم قرار دیا کہ وہ بجٹ تجاویز اور منصوبوں کو تجویز کرتے وقت سرٹیفکیٹ جمع کرائیں گے، جس میں یہ اقرار کیا جائیگا کہ تجویز کردہ منصوبہ انفرادی نوعیت کا نہیں، بلکہ کسی امتیاز کے بغیر وسیع تر عوامی مفاد کا منصوبہ ہے۔ اگر بعد میں منصوبہ انفرادی نوعیت کا ثابت ہوا تو سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے متعلقہ سیکرٹری ذمہ دار ہوگا۔ عدالت نے تمام سیکرٹریز کو نئی پی ایس ڈی پی کیلئے تجویز بیس روز کے اندر اندر پی اینڈ ڈی کو جمع کرانے کی ہدایت کی اور آئندہ سماعت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقی و منصوبہ بندی سے نئے مالی سال کے پی ایس ڈی پی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔


خبر کا کوڈ: 711814

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/711814/موجودہ-بجٹ-سے-انفرادی-منصوبے-ختم-کئے-جائیں-بلوچستان-ہائیکورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org