0
Friday 16 Mar 2018 20:31

سنی تحریک علماء بورڈ کا مریم نواز سے فوری توبہ اور اعلانیہ معافی مانگنے کا مطالبہ

سنی تحریک علماء بورڈ کا مریم نواز سے فوری توبہ اور اعلانیہ معافی مانگنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک علماء بورڈ نے مریم نواز کے مقدس ہستیوں کے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے فوری طور پر توبہ کرنے اور اعلانیہ معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مرکز اہلسنّت سے جاری علماء و مفتیان کرام کے اجتماعی اعلامیے میں کہا گیا کہ مریم نواز نے اپنا اور اپنے والد کا مقدس ہستیوں سے موازنہ کرکے اور مسلمانوں کو کفار سے تشبیہ دے کر بڑی جسارت کی ہے، جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، لہذٰا مریم نواز پر لازم ہے کہ وہ فوری طور پر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ کریں اور رسول اللہ اور سیدہ فاطمہ الزہرا سمیت پوری اُمت مسلمہ سے اعلانیہ معافی مانگیں، اگر مریم نواز شرعی حکم جاننے کے بعد بھی اپنی ضد پر قائم رہیں تو علماء کرام شرعی فتویٰ دینے پر مجبور ہونگے۔ علماء کرام کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے راولپنڈی کے سوشل میڈیا کنونشن میں میاں نواز شریف پر جوتا پھینکنے کے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب رسولؐ نماز پڑھتے تو کفار ان پر گندگی پھینکتے اور جنابِ فاطمہ وہ گندگی صاف کرتیں اور روتی تھیں، لیکن رسول کو فتح ملی کیونکہ وہ حق پر تھے،تو تمھارا لیڈر یعنی نواز شریف اور میرا بابا بھی حق پر ہے اور میں اپنے بابا کیلئے فاطمہ کا کردار ادا کر رہی ہوں‘‘ حالانکہ مریم نواز کو سمجھنا چاہئے کہ میاں نواز شریف کو جوتا اللہ اور رسول کی اطاعت کرنے پر نہیں بلکہ ان سے بے وفائی کرنے پر مارا گیا ہے، مریم نواز نے سیرت طیبہ کے ایک واقعہ سے نہایت غلط استدلال کیا ہے، رسول اللہ کی مخالفت تبلیغ دین پر کفار کرتے تھے جبکہ نواز شریف کی مخالفت اس کے دین مخالف اقدامات کی وجہ سے مسلمان کرتے ہیں، سیاست اور قیادت کے دعویداروں کو دینی وشرعی اُمور پر بیان دینے سے پہلے کسی عالم دین سے رہنمائی لینی چاہئے۔

انہوں نے کہا اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے سرٹیفائیڈ جھوٹے اور نااہل قرار دیئے جانے والے شخص کا موازنہ دنیا کے سب سے بڑے صادق و امین(ص) سے کرنا انتہائی قابل مذمت ہے، کاش! مریم نواز نے خود کو نبی کریم (ص) کی پاکیزہ دُختر، خاتون جنت، طیبہ، طاہرہ سیدہ فاطمۃ الزہرا(س) سے تشبیہ دیتے ہوئے ان کا وہ قول بھی پڑھ لیا ہوتا جس میں انہوں نے فرمایا تھا کہ’’تم میں سے بہترین عورت وہ ہے جس کو کوئی نامحرم نہ دیکھے نہ وہ کسی نامحرم کو دیکھے‘‘ افسوس کہ جب مریم نواز خود کو سیدۃ فاطمہ(س) سے تشبیہ دے رہی تھیں، اس وقت ہزاروں نامحرم مردوں کا مجمع ان کی جانب متوجہ تھا، مریم نواز کے بیان سے اُمت مسلمہ کے قلوب بے حد رنجیدہ ہوئے ہیں۔ علماء کرام نے معزز عدلیہ سے آئین اور قانون کے مطابق مریم نواز کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، سرورِ کائنات ؐ اور ان کی آل پاک کے بارے میں ایسی زبان درازی کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ اعلامیہ جاری کرنیوالے علماء و مفتیان کرام میں علامہ مجاہد عبدالرسول خان، سردار محمد طاہر ڈوگر، مفتی سلیم نقشبندی، پیر سیف اللہ نقشبندی، علامہ سرفراز سیالوی، علامہ محمد رمضان قادری، علامہ جہانگیر نعیمی، علامہ شیر محمد مجتبائی، علامہ شریف الدین قذافی، مفتی شفاقت ہمدمی، صاحبزادہ نعمان شاکر، علامہ ابرار رضوی، شیخ محمد نواز قادری ودیگر شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 711943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش