QR CodeQR Code

ریکوڈک کیس کیلئے وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو امریکہ روانہ

17 Mar 2018 10:50

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک اور سیندک پروجیکٹ سمیت کسی بھی معاہدے پر بلوچستان کے عوام کے مفاد کیخلاف کام نہیں کرونگا اور امریکہ جاکر صوبے کا مقدمہ لڑینگے، کیونکہ ہم نے جسطرح یہاں عوام کی خدمت کی، اسی طرح بلوچستان کے ساحل و سائل پر بھی جنگ لڑینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ریکوڈک اور سیندک کیس کی سماعت میں شرکت کے لئے امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔ امریکی دورے کے لئے ان کے ہمراہ وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان بھی موجود ہے۔ امریکہ جانے سے قبل میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان میں اقدار کی سیاست کی ہے اور ہم دوسروں پر تنقید نہیں کرتے، کیونکہ ہم نے صرف اور صرف عوام کی خدمت کرنا ہے۔ جب ہم حکومت بنا رہے تھے، تو لوگوں کا یہ سوچ تھا کہ سینیٹ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مگر ہم نے ایسا نہیں‌ کیا۔ جمہوری طریقے سے سابقہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی اور جمہوری سوچ کے ساتھ حکومت بنائی۔ سینیٹ کے انتخابات بھی ہوئے اور عام انتخابات بھی وقت پر ہونگے۔ جمہوری نظام کے خلاف کوئی کام نہیں کروں گا۔ جو لوگ جمہوریت کے چیمپئن بن کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، وہ خود جمہوری اقدار سے نا واقف ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اب وہ حالات نہیں رہے کہ عوام کو دھوکہ دیا جائے۔ اب وقت آگیا ہے کہ صوبہ کی پسماندگی اور غربت کو ختم کرنے کے لئے باہر سے سرمایہ کاری شروع کی جائے۔ ہماری کوشش ہے کہ امریکہ جاکر دنیا کو پیغام دیں، کہ بلوچستان کے حالات اب کئی گناہ بہتر ہیں۔ امن وامان کی صورتحال بھی کنٹرول میں ہے اور ماضی میں جو صورتحال تھی اس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ریکوڈک اور سیندک پروجیکٹ سمیت کسی بھی معاہدے پر بلوچستان کے عوام کے مفاد کے خلاف کام نہیں کرونگا اور امریکہ جاکر صوبے کا مقدمہ لڑیں گے، کیونکہ ہم نے جس طرح یہاں عوام کی خدمت کی، اسی طرح بلوچستان کے ساحل و سائل پر بھی جنگ لڑیں گے۔


خبر کا کوڈ: 712027

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/712027/ریکوڈک-کیس-کیلئے-وزیراعل-ی-بلوچستان-میر-عبدالقدوس-بزنجو-امریکہ-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org