0
Sunday 18 Mar 2018 10:20

کوئٹہ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاج موخر کرکے او پی ڈیز کا بائیکاٹ ختم کر دیا

کوئٹہ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاج موخر کرکے او پی ڈیز کا بائیکاٹ ختم کر دیا
اسلام ٹائمز۔ ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکس اسٹاف نے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج موخر کرتے ہوئے او پی ڈیز کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا صوبہ ہے، جسے ملکر مسائل سے نکالنا ہوگا۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے مطالبات کو تسلیم کرنے کے بعد امید ہے کہ عوام کو ہسپتالوں میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر صحت میر ماجد ابڑو، اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال اور رکن صوبائی اسمبلی میر اظہار کھوسہ نے سول ہسپتال میں قائم ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز کی جانب سے ان کے مطالبات سامنے رکھے گئے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے حکومت کی جانب سے ڈاکٹرز کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات پر عملدرآمد کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے او پی ڈیز کے بائیکاٹ کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جو حکومت اور خود ڈاکٹروں کے لئے پریشانی کا مرحلہ ہے۔ لہٰذا ڈاکٹرز او پی ڈیز کا بائیکاٹ ختم کریں، تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑیں۔ بلوچستان ہم سب کا صوبہ ہے اور یہاں کے عوام کی خدمت کرنا، ہر اس شخص کا فرض بنتا ہے جو کسی نہ کسی سرکاری یا غیر سرکاری ادارے میں اپنی خدمات پیش کررہا ہے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے ڈاکٹروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں، مگر او پی ڈیز کے بائیکاٹ سے جہاں حکومت کو مشکلات ہیں، وہاں ہمیں خود بھی تکلیف ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے او پی ڈیز کے بائیکاٹ کا خاتمہ کیا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر صحت میر ماجد ابڑو نے ینگ ڈاکٹر کی ہاؤس جاب تنخواہوں میں 90 اور 100 فیصد اضافے کا اعلان کیا، جبکہ پیرا میڈیکس کے رسک الاؤنس اور پروفیشنل الاؤنس کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رسک اور پروفیشنل الاؤنس کے بعد حکومت کو سالانہ 50 کروڑ روپے اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا، تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ مسائل کے حل کے لئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ مطالبات تسلیم کرنے کے بعد ہم امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں سرانجام دیں گے۔ بعدازاں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکس کی جانب سے حکومتی یقین دہانی کے بعد او پی ڈیز کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 712300
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش