0
Monday 19 Mar 2018 18:47

ملتان، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر صدر، حامد سعید کاظمی چیئرمین اور پیر منور شاہ نظام مصطفٰی متحدہ محاذ کے سرپرست اعلٰی منتخب

ملتان، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر صدر، حامد سعید کاظمی چیئرمین اور پیر منور شاہ نظام مصطفٰی متحدہ محاذ کے سرپرست اعلٰی منتخب
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی سنی سیاسی و دینی جماعتوں اور مشائخ عظام کے وسیع تر اتحاد نظام مصطفٰے (ص) متحدہ محاذ کے قائدین کا اجلاس ملتان میں منعقد ہوا، جس میں نظام مصطفٰے متحدہ محاذ کے انتخابات عمل میں آئے، نظام مصطفٰے متحدہ محاذ کے سرپرست اعلٰی پیر سید منور حسین جماعتی، چیئرمین صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی، سینیئر وائس چیئرمین ثروت اعجاز قادری، صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، نائب صدر پیر معصوم نقوی، سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا قادری، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عثمان خان نوری، چیف آرگنائزر قاضی عتیق الرحمن کو منتخب کیا گیا، جبکہ صاحبزادہ اویس نورانی اس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، کیونکہ انہوں نے متحدہ مجلس عمل کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس کی صدارت کنونیئر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کی، جس میں صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، ڈاکٹر عابد سلطان، سید غلام رضوانی جیلانی، محمد شاداب رضا قادری، امانت علی زیب، امیر احمد اعوان ایڈووکیٹ، میاں جلیل احمد شرقپوری، صاحبزادہ سلطان محمد حیات، خالد حبیب الہی نے شرکت کی۔

اجلاس میں قرارداد کے ذریعے کہا گیا کہ پیر عبدالباری پتافی اور خالد لنڈ کے ضمنی انتخابات کے دوران پیر صاحب پگاڑا اور پیر صاحب بھرچونڈی کے خلاف توہین آمیز رویہ اختیار کرنے پر اہل سنت میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، نظام مصطفٰی متحدہ محاذ اس کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرے، تاکہ جمہور عوام کے جذبات کی پذیرائی ہوسکے، اجلاس میں سید دربار شاہ کے بہیمانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، کہا گیا کہ اگر اولیاء و صوفیاء کے وارثوں کے ساتھ یہ وحشیانہ سلوک ہوگا اور ان کا ناحق خون بہایا جائے گا تو شاہ عبدالطیف بھٹائی کی سرزمین کی بدنامی ہوگی۔ ہر طبقے میں عدم تحفظ پیدا ہوگا، اس لئے نظام مصطفٰے متحدہ محاذ مطالبہ کرتا ہے کہ اس وحشیانہ قتل کے ذمہ دار افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے، حق و انصاف کے تقاضے فوری طور پر پورے کئے جائیں، اجلاس میں کہا گیا کہ بدکردار اور مفاد پرست عناصر سے تنگ عوام صالح قیادت کی متلاشی ہے، پاکستان بنانے والوں کے جانشین نظام مصطفٰے (ص) متحدہ محاذ کی صورت میں ملک کو مستحکم کرنے والی قیادت دے رہے ہیں، جو عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق اہلسنت جماعتوں کے گرینڈ الائنس ’’نظام مصطفٰے متحدہ محاذ‘‘ کے مرکزی عہدیداران کا اعلان کر دیا گیا۔ متحدہ محاذ کے انتخابی اجلاس میں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کو سرپرست اعلٰی، صاحبزادہ حامد سعید کاظمی کو چیئرمین، صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کو صدر، صاحبزادہ حامد رضا کو سیکرٹری جنرل، ثروت اعجاز قادری کو سینیئر وائس چیئرمین، عثمان خان نوری کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور قاضی عتیق الرحمٰن کو چیف آرگنائزر منتخب کر لیا گیا۔ عہدیداروں کا انتخاب متحدہ محاذ میں شامل جماعتوں کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کی۔ اجلاس میں جمعیت علماء پاکستان نورانی، سنی اتحاد کونسل، نظام مصطفٰے پارٹی، پاکستان سنی تحریک، جماعت اہل سنت، پاکستان فلاح پارٹی، آل پاکستان مشائخ کونسل، تحریک فیضان اولیا، جماعت الصالحین کے راہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 28 مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں ’’نظام مصطفٰے کنونشن‘‘ منعقد کیا جائے گا۔ جس کی میزبانی جے یو پی نورانی کرے گی۔ اپریل کے مہینے میں چاروں صوبوں میں اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔

اجلاس میں بڑے مشائخ اور اہلسنت کی غیر سیاسی دینی جماعتوں کے سربراہوں پر مشتمل سپریم کونسل بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ صوفیاء کے ماننے والے آئندہ الیکشن میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اہل حق کی شیرازہ بندی شروع کر دی ہے۔ نظام مصطفٰے کی حامی قوتوں کا اتحاد ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔ کسی بھی بڑی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا اتحاد کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ پوری قوم کرپشن کے خلاف جہاد میں عدلیہ اور نیب کیساتھ ہے۔ عدلیہ اور فوج کو متنازعہ بنانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔ اجلاس سے پیر سید مظہر سعید کاظمی، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، پیر میاں جلیل احمد شرقپوری، میاں خالد حبیب الٰہی ایڈووکیٹ، شاداب رضا نقشبندی، پیر سید محمد حبیب عرفانی، امانت علی زیب، صاحبزادہ حیات سلطان قادری اور دیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ مسلم حکمران اور اقوام متحدہ شام میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر آئے روز بھارتی فائرنگ کا نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 712618
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش